Inquilab Logo Happiest Places to Work

مرکزی وزیر کے بیٹے اشیش مشرا جیل منتقلی کے امکان کےبیچ اسپتال داخل

Updated: October 25, 2021, 9:19 AM IST | Agency | Lakhimpur Kheri

لکھیم پور کھیری سانحہ : ڈاکٹروں نے ڈینگو سےمتاثر بتایا، اتوار کو پولیس ریمانڈ مکمل ہونی تھی، توسیع نہ ہونے پر انہیں  عدالتی تحویل میں جیل بھیجا جاسکتا تھا

Ashish Mishra going to ho.Picture:INN
اشیش مشرا علاج کیلئے اسپتال جاتے ہوئے ۔ تصویر: آئی این این

زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کو اپنی گاڑیوں پر گاڑی چڑھادینے کے کلیدی ملزم اور مرکزی وزیر اجے مشرا کے بیٹے اشیش  مشرا کو اتوار کو اچانک اسپتال داخل کردیاگیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق وہ ڈینگو سے متاثر ہیں  اوران کی ای سی جی کی رپورٹ بھی ٹھیک نہیں آئی اس لئے انہیں  اسپتال میں رہ کر  ڈاکٹروں کی نگرانی میں علاج کروانے کی ضرورت ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جمعہ کو مقامی عدالت نے اشیش مشرا کی پولیس ریمانڈ میں ۲؍ دن کی توسیع کی تھی جس کی مدت اتوار شام ۵؍ بجے ختم ہونی تھی۔اس کے بعد اگر پولیس انہیں مزید ریمانڈ میں لینے میں کامیاب نہ ہوپاتی تو عدالت انہیں اپنی تحویل میں جیل منتقل کرنے کافیصلہ سنا سکتی تھی۔ 
 اشیش فی الحال ضلعی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) ارون کمار سنگھ  کے مطابق  مشرا کوسنیچر کی رات ہی طبیعت بگڑنے کی شکایت پر ضلعی جیل کے اسپتال میں  لے جایا گیاتھا۔ ان کی جانچ  لکھیم پور کھیری  کے چیف میڈیکل آفیسر شیلیندر بھٹناگر نے اپنی ٹیم کے ساتھ کی۔ انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا ہے کہ ’’سنیچر کی رات اشیش مشرا کی جانچ کیلئے جو نمونے لئے گئے تھےوہ ان ڈینگو کیلئے مثبت پائے گئے ہیں۔ ان کا شوگرلیول بھی تشویشناک ہے اور ای سی جی میں بھی کچھ تبدیلیاں ہیں۔ ضلعی اسپتال میں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں  ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کے علاج کی ضرورت ہے۔‘‘ یاد رہے کہ ۳؍ اکتوبر کو اپنی گاڑیوں سے کسانوںکو کچل کر مار دینے کے الزام میں اشیش مشرا کوسپریم کورٹ کی سرزنش کے بعد یوپی پولیس نے ۹؍ اکتوبر کو گرفتار کیا تھا۔تب سے وہ پولیس ریمانڈ میںہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK