Inquilab Logo Happiest Places to Work

شہر بھر میں ۱۱؍۲۶؍ کے شہیدوں کو خراج عقیدت

Updated: November 27, 2021, 8:03 AM IST | Nadeem asran and saeed Ahmed

پولیس ہیڈ کوارٹرس میں گورنر اور نائب وزیراعلیٰ کی جانب سے شہیدوں کو یاد کیا گیا جبکہ سی ایس ایم ٹی پر ریلوے نے خصوصی تقریب منعقد کی

Deputy Chief Minister paying homage to the martyrs.Picture:Inquilab
نائب وزیراعلیٰ شہیدوںکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تصویر انقلاب

۱۱؍۲۶؍ حملے کو جمعہ کے روز ۱۳؍ سال ہو گئے۔ اس موقع پر شہر بھر میں حملے میںا پنی جان قربان کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ممبئی میں  پولیس ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ ایک تقریب میں  مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری، نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار، وزیر داخلہ دلیپ ولسے پاٹل، مہاراشٹر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سنجے پانڈے اور ممبئی پولیس کمشنر ہیمنت نگرالے    وغیرہ  نے ان تمام جانبازوں کو یاد کیا۔    پولیس ہیڈ کوارٹر  میں منعقدہ ۱۳؍ویں برسی پر کئی شہید جوانوں کے اہل خانہ بھی موجود تھے ۔  اس موقع پر پولیس کمشنر ہیمنت نگرالے نے ٹو یٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہمارے جوانوںنے ۱۳؍ سال قبل دشمن کا مقابلہ اور شہریوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی تھی لیکن ۱۳؍ سال بعد بھی ان کی خدمات اور قربانیاں  تازہ ہیں اور اسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا-‘‘
  سی ایس ایم ٹی  پر بھی  تقریب کا انعقاد
  اس دوران ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس اسٹیشن پر بھی ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں  حملے کے دوران سب سے زیادہ ۵۶؍ افراد مارے گئے تھے۔ اس موقع پر سینٹرل ریلوے کے ایڈیشنل جنرل منیجربی کے دادا بھوئے ،ریلوے کے   پولیس کمشنر قیصر خالد اور ڈیویژنل ریلوے منیجرشلبھ گوئل کے علاوہ کئی افسران اور عہدیداران موجود تھے۔ ایڈیشنل جنرل منیجربی کے دادا بھوئے نے شہید وںکی یاد میںبنائے گئے اسمارک پرگلہائے عقیدت نچھاور کئے۔  انہوں نے کہا کہ ’’یہ حملے اتنے سنگین اور دل خراش تھے کہ انہیں بھلایا نہیں جاسکتا لیکن یہ بھی سچ ہے کہ اس کے بعد سیکوریٹی انتظامات پرخصوصی توجہ دی گئی ہے اورکسی ایک نہیںبلکہ چہار جانب سے حفاظتی پہرہ سخت کیا گیا ہے۔ ‘‘ان کے مطابق ’’ اب ہمارے پولیس  جوان ایسے  حملوں کوناکام بنانے اور دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ ‘‘ 
 عوامی سطح پر بھی خراج عقیدت
 ان سرکاری تقریبات کے علاوہ گیٹ وے آف انڈیا اور تاج ہوٹل کے پاسعام شہریوں کی جانب سے ، تصویروں کی نمائش اور  بورڈ پر شہیدوں کو تحریری طور پر خراج عقیدت پیش کرنے کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK