EPAPER
Updated: November 14, 2021, 8:04 AM IST | dhule
ضلعی انتظامیہ کو میورنڈم پیش کیاگیا، مسلم مخالف تشدد پربرہمی کے اظہار کے ساتھ متنبہ کیاگیا کہ مسلمان اپنے نبی ؐ کی شان میں گستاخی قطعی برداشت نہیں کرسکتا
تریپورہ میں مسلم مخالف تشدد اور نبی کریم ؐ کی شان میں گستاخی آمیز نعرہ بازی کے خلاف مسلمانوں کا ریاست گیر بند دھولیہ اور جلگاؤں سمیت مہاراشٹر کے دیگر اضلاع کے مسلم اکثریتی علاقوں میں بھی پوری طرح کامیاب رہا۔ دھولیہ میں تنظیم فروغ اہلسنت ،جماعت رضائے مصطفےٰ اور جیلانی مشن کی اپیل کو دھولیہ کی ملّی، سماجی، سیاسی تنظیموں کی ہی حمایت نہیں ملی بلکہ برادران وطن میں انصاف پسند اور انسانیت کا درد رکھنے والے تاجروں کی بھی بھرپور حمایت ملی جس کے نتیجے میں دھولیہ میں بند زبردست کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ اُدھر جلگاؤں اور دیگر علاقوں میں بھی بند کا خاطر خواہ اثر رہا۔
تمام ہی اضلاع میں بند کے ساتھ مسلم اور برادران وطن کے انصاف پسند افراد نے ضلعی انتظامیہ کے افراد سے ملاقاتیں کرکے صدر جمہوریہ کے نام مکتوب روانہ کیا۔بھساول میں شہر کا مرکزی چوک رضا چوک کی تمام دوکانیں بند رہیں ۔ چالیس گاؤں ،بھڑگاؤں، پاچورہ ،راویر اور دیگر شہروں میں بھی دینی و ملی ،سیاسی ،سماجی تنظیموں کی اپیل پر بند کامیاب رہا جبکہ ان تنظیموں کے نمائندہ افراد نے وفد شکل میں مقامی تحصیلدار، نائب تحصیلدار، سب ڈویژنل مجسٹریٹ اور دیگر سے ملاقات کر کے انہیں مذمتی و مطالباتی مکتوبات دیئے۔
دھولیہ میں تنظیم فروغ اہلسنت، جماعت رضائے مصطفےٰ اور جیلانی مشن کے عہدہ داران حافظ و قاری محمد فاروق چشتی، حافظ و قاری محمد فاروق اشرفی ، حافظ و قاری محمد جمیل رضوی ،حافظ و قاری محمد سمش الدین رضوی ،مولانا زبیر احمد چشتی، حافظ و قاری توصیف رضوی اور حافظ و قاری محمد غلام مصطفی رضوی کے ہمراہ رکن اسمبلی ڈاکٹر فاروق شاہ، کارپوریٹر ناصر پٹھان، مختار بھائی ٹین والے ،منصور احمد قادری اور قیصر پینٹر وغیرہ نے ضلع انتظامیہ اور ضلع پولیس انتظامیہ کے توسط سے صدرجمہویہ کو مکتوب روانہ کیا اورخاطیوں کے خلاف سخت کارروائی اور مظلومین کو انصاف دلانے کی اپیل کی۔
حافظ شمس الدین رضوی نے واضح کیا کہ مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتا ہے لیکن حضورؐ کی شان میں گستاخی قطعی برداشت نہیں کرسکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہم صدر جمہوریہ سے اپیل کرتے ہیں کہ امن کے پیمبر کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور مسلمانوں کا جانی و مالی نقصان کرنے نیز مسلمانوں کو نقصان پہنچانے والوں کو سخت سزا دی جائے۔
جلگاؤں اور دیگر اضلاع میں بھی مختلف سیاسی ،سماجی و ملی تنظیموں کے ذمہ داران کے وفود نے ڈسٹرکٹ کلکٹر دفتر پہنچ کر ریزیڈنٹ ڈپٹی کلکٹرس کو مکتوب سونپاجس تریپورہ تشدد کے ساتھ ہی ساتھ جنگ آزادی کے تعلق سے کنگنا رناوت کے بیان کے خلاف بھی صدائے احتجاج بلند کی گئی۔