EPAPER
Updated: January 30, 2022, 10:50 AM IST | new Delhi
دنیا کے ۵۰۰؍امیر افراد کی املاک ۲۸؍ دن میں ۴۷ء۶۲؍ لاکھ کروڑ روپے گھٹ گئی، ایلن مسک کو سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے
دنیا بھر کے ۵۰۰؍ امیر افراد کے لئے نیا سال بری خبر لے کر آیا ہے ، کیونکہ جنوری کے ۲۸؍ دنوں میں ان ۵۰۰؍ امیرترین افراد کی دولت میں مجموعی طور پر ۴۷ء۶۲؍ لاکھ کروڑ روپے کی کمی آئی ہے۔ ۳؍جنوری تک ان کی مجموعی دولت ۶۳۰؍ لاکھ کروڑ روپے تھی جو گھٹ کر ۵۸۲؍ لاکھ کروڑ روپے رہ گئی ہے۔ دراصل ۳؍ جنوری سے اب تک دنیا بھر کے بازاروں میں بھاری اتھل پتھل رہی ہے۔ اس کی ۳؍ وجوہات ہیں۔ ایک تو یوکرین اور روس کے درمیان ٹکراؤ، دوسرا غیرملکی سرمایہ کاروں کا محتاط رویہ اور تیسرا امریکہ کے سینٹرل بینک کے ذریعہ اس سال ۴؍سے ۵؍ بار شرح سود بڑھانے کی امیدیں ہیں۔ اس وجہ سے جب بازار میں گراوٹ آئی تو دولتمند افراد کے اثاثوں میں بھی کمی آئی ہے۔
بازار کی گراوٹ کا اثر یہ ہوا کہ اس ہفتے ۲؍ دن ایشیا کے سب سے امیر کاروباری مکیش امبانی دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ گوتم اڈانی پہلے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ ۲۸؍ جنوری کو اڈانی ۵؍ منٹ کے لئے ایک نمبر پر پہنچے جبکہ امبانی دوسرے مقام پر رہے ۔ اڈانی کی دولت ۹۳ء۳؍ ارب ڈالر جبکہ امبانی کی ۹۰؍ ارب ڈالر ہوچکی ہے۔ دونوں کاروباریوں کی دولت میں معمولی فرق ہے۔
اس ہفتے دوسری سب سے بڑی تبدیلی یہ ہوئی کہ دنیا کے نامور سرمایہ کار وارن بفے ، مارک زکربرگ سےزیادہ امیر بن گئے ہیں۔ ۲۸؍ جنوری کو ۹۱؍ سالہ وارن بفے نے یہ مقام حاصل کیا۔ وہ دنیا کے ٹاپ ۱۰؍ میں اکلوتے امیر ہیں جن کی دولت اس سال میں بڑھی ہے۔ ان کی کمپنی بارکشائر ہیتھوےکا شیئر اس سال میں ۲ء۵؍ فیصد بڑھا ہے۔
مارک زکر برگ کی دولت میں اس سال ۱۵؍ ارب ڈالر کی گراوٹ آئی ہے۔ دنیا کے سب سے امیر بزنس مین اور ٹیسلا کے مالک ایلن مسک کی دولت جمعرات کو ۲۵ء۸؍ ارب ڈالر گھٹ کر ۲۱۶؍ ارب ڈالر پر آگئی ہے، حالانکہ اس سال ان کی اثاثے ۵۴؍ ارب ڈالر گھٹ گئے ہیں۔ پچھلے سال وہ ۳۱۵؍ ارب ڈالر کے مالک تھے۔ تب سے اب تک ۷ء۵؍ لاکھ کروڑ روپے کی گراوٹ آئی ہے۔ یعنی مکیش امبانی کی جتنی دولت ہے، اتنی مسک کی پچھلے ۶؍ مہینے میں گھٹ گئی ہے۔
میٹا پلیٹ فارم کے بانی مارک زکربرگ کی دولت اس سال ۱۱۰؍ ارب ڈالر ہوگئی ہے۔ اسی طرح اس سال میں امیزون کے جیف بیزوس کی دولت ۲۷؍ ارب ڈالر گھٹ کر ۱۶۴؍ ارب ڈالر ہوگئی ہے۔وہ دنیا میں دوسرے سب سے امیر کاروباری ہیں۔ جبکہ تیسرے مقام پر بزنس مین برنارڈ آرنالڈ ہیں جن کی دولت میں ۱۸ء۴؍ ارب ڈالر کی کمی آئی ہے۔ بل گیٹس کی دولت ۱۱؍ ارب ڈالر کم ہوکر ۱۲۷؍ ارب ڈالر ہوگئی ہے۔وارن بفے کی دولت ۲ء۵؍ ارب ڈالر بڑھ کر ۱۱۳؍ ارب ڈالر ہوگئی ہے۔