EPAPER
Updated: April 28, 2021, 10:44 AM IST | New Delhi
مرکزی وزیر برائے ریلویز پیوش گوئل کا آکسیجن کو دارالحکومت کے مختلف اسپتالوں میں پہنچانے کاا علان،کورونا متاثرین کے اہل خانہ میں بھی اطمینان کی لہر
ملک بھر میں آکسیجن کی قلت کے درمیان دہلی کے باشندوں کیلئے راحت کی خبر آئی ہے کہ یہاں پر منگل کی صبح چھتیس گڑھ سے ۷۰؍ ٹن آکسیجن کے ساتھ ’آکسیجن ایکسپریس‘ پہنچ گئی ہے۔اس خبر کی وجہ سے دہلی کے تمام شہریوں بالخصوص کورونا متاثرین کے اہل خانہ میں اطمینان کی لہر پائی جارہی ہے۔
وزیر ریلوے پیوش گوئل نے اس خبر کو سب سے پہلے عام کیا۔ انہوں نے اس کی اطلاع اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعہ پہنچائی۔ انہوں نے کہا کہ’’آکسیجن ایکسپریس چھتیس گڑھ کے رائے پور سے قومی دارالحکومت میں مریضوں کیلئے آکسیجن لے کر دہلی پہنچی ہے۔ ہندوستان ریلوے کووڈ۔۱۹؍ کے خلاف ہماری لڑائی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا اورملک بھر میں حیات بخش وسائل کی مناسب فراہمی کو یقینی بنائے گا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس آکسیجن کو دارالحکومت کے مختلف اسپتالوں میں جلد از جلد پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔
پیوش گوئل نے جنوبی دہلی کے ریلوے اسٹیشن پہنچنے والی ٹرین کی۴۴؍ سیکنڈ کی ویڈیو کے ساتھ ٹویٹ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پیر کے روزچھتیس گڑھ کے رائے گڑھ میں ’جندل اسٹیل ورکس‘ سے یہ ٹرین دہلی کیلئے روانہ ہوئی تھی۔ملک بھر میں آکسیجن کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر ریلوے نے حیات بخش گیس کی مانگ کو پورا کرنے کیلئے مائع میڈیکل آکسیجن لانے کیلئے آکسیجن ایکسپریس ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ قومی دارالحکومت دہلی میں آکسیجن گیس کی زبردست قلت کا سامنا ہے۔ پیر کو دہلی میں کورونا کے۲۰؍ ہزار سے زائد نئے معاملات کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ اس دوران ۳۸۰؍ افراد اس وبا کی وجہ سے ہلاک بھی ہوئے۔ دارالحکومت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد اب۱۰؍ لاکھ ۴۷؍ ہزار ۹۱۶؍ہوگئی ہے ، جبکہ اس وبا سے اب تک۱۴؍ ہزار ۶۲۸؍افراد کی موت بھی ہوچکی ہے۔ گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران۵۷؍ ہزار ۶۹۰؍ افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے۔ یہاں پرکورونا وائرس کے فعال معاملات میں ۲؍ ہزار ۲۳۴؍ کی کمی واقع ہوئی ہے جس کی وجہ سے یہ تعدادکم ہو کر۹۲؍ ہزار ۳۸۵؍ رہ گئی ہے۔اسی طرح یہاں پر۹؍ لاکھ ۴۰؍ ہزار۹۳۰؍ مریضوں نے کورونا کو شکست دی ہے۔