EPAPER
Updated: July 31, 2021, 12:18 PM IST | Agency | Ankara
؍۴؍افراد ہلاک اور ۱۴۰؍ سے زائد زخمی ، ایک ہزار سے زیادہ مویشی ہلاک اور دیگر املاک بھی تباہ ،حکام کو تخریب کاری کاشبہ، تحقیقات شروع
ترکی میں ۶۰؍ سے زائد مختلف مقامات پر خوفناک آتشزدگی کے باعث ۴؍افراد ہلاک اور ۱۴۰؍ افرا زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق ترکی کے جنوب میں واقع جنگلاتی علاقوں سمیت مختلف مقامات پر آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے آس پاس کے علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ترک حکام کے مطابق بحیرہ ایجین اور روم سے متصل ۱۷؍ صوبوں میں ۶۰؍ کے قریب مقامات پر آگ بھڑک اٹھی اور بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ فائر فائٹرز آگ بجھانے اور دیگر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور ۳۶؍ مقامات پر لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ تاہم مزید ۱۷؍ مقامات پر آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ترک حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے نتیجے میں ۱۴۰؍ کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں ، انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آگ پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر انا طولیہ شہر میں ۱۸؍ ،عدانا اور مرسن میں ۱۶؍ دیہاتوں کو خالی کرالیا گیا ہے۔ وزیر زراعت بکر باک دیمیرلی نے بتایا کہ جنوبی ساحل پر آگ لگنے کی وجہ سے ایک ہوٹل کو بھی خالی کروالیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آتشزدگی کے متعدد واقعات کے نتیجے میں ایک ہزار مویشی ہلاک اور ۱۲۰؍ ایکٹر زرعی علاقہ تباہ ہوچکا ہے۔ آگ پر قابو پا نے کیلئے ۳؍ ہوائی جہاز، ۳۸؍ ہیلی کاپٹرز اور۴؍ ہزار فائر فائٹرز تعینات کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اناطولیہ کے مشرق میں ۷۵؍ کلومیٹر کے فاصلے پر کم آبادی والے علاقے واقع ایک ریزرٹ سے بھی آگ ساحلی مقام پر پھیل گئی، سوشل میڈیا اور ٹیلی ویژن پر سامنے آنے وا لےویڈیوز میں دھویں سے بھری سڑکوں پر افراتفری کا ماحول دیکھا گیا ۔
حکام کو تخریب کاری کا خدشہ
حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ بیک وقت کئی مقامات پر لگنے والی آگ میں آتش گیر مادہ استعمال ہونے کا خدشہ ہے جس کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ترک صدر کے صدارتی مواصلاتی ڈائریکٹر نے بھی کہا کہ ان حملوں کے ذمہ داران کا محاسبہ کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ `یہ آتش زنی کا حملہ معلوم ہوتا ہے لیکن فی الحال ابتدائی تفتیش پر ہمارے پاس ٹھوس معلومات نہیں ہیں۔
آگ بجھانے کیلئے مدد کی پیشکش
روس نے اس معاملے میں ترکی کو مدد کی پیشکش کی ہے۔ روسی سفارتخانے کا کہنا تھا کہ ماسکو نے آگ بجھانے والے۳؍ بڑے طیارے بھیجے ہیں جو شعلوں کو قابو کرنے کے کیلئے جنگلات پر کیمیکل کاچھڑ کائو کریںگے۔ آذربائیجان نے بھی مدد کی پیشکش کی ہے۔ یونان نے بھی ترک وزیر خارجہ کو ضرورت پڑنے پر مدد دینے کا پیغام بھیجا ہے۔