EPAPER
Updated: March 10, 2021, 11:55 AM IST | Agency | New Delhi
وزارت الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹکنالوجی کے مطابق گزشتہ۳؍ ماہ میں یوپی آئی لین دین اور صارفین کی تعداد کی بنیاد پر ایس بی آئی سب سے آگے
ملک کے سب سے بڑے سرکاری بینک ایس بی آئی نے ڈیجیٹل میدان میں بازی مارلی ہے اور وزارت الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹکنالوجی کے ڈیجیٹل ادائیگی کے اسکور بورڈ میں گزشتہ۳؍ مہینے سے سرفہرست رہنے کاریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ اسکور بورڈ مختلف ڈیجیٹل معیاروں سے تجارتی بینکوں کی کارکردگی کی درجہ بندی فراہم کرتا ہے۔ اس کے جائزے کے مطابق گزشتہ چند مہینوں میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا سب سے زیادہ۶۴؍ کروڑ یوپی آئی لین دین انجام دینے اور ۱۳ء۵؍کروڑ صارفین کی بنیاد کے ساتھ سب سے بڑا ریمیٹر بینک ہے۔ بورڈ کے مطابق اسٹیٹ بینک نے اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے ۶۳۶؍کروڑ روپے کے لین دین کیے جو اس کے کل لین دین کا۶۷؍ فیصد ہے۔ علاوہ ازیںموبائل بینکنگ کے ذریعہ لین دین کی تعداد کے لحاظ سے بینک کا مارکیٹ شیئر ۲۵؍ فیصد درج کیا گیاہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ معاملے میں بہتر کارکردگی پیش میں کرنے میں ایس بی آئی کے ڈیجیٹل اور لائف اسٹائل پلیٹ فارم’ `یونو‘ نے ڈیجیٹل طور پر قرض دینے کے عمل کو بھی آسان بنایا ہے۔ رپورٹس کے مطابق رواں مالی سال میں اپریل سے دسمبر ۲۰۲۰ءتک یونو کے ذریعے ۱۵؍ہزار۹۹۶؍ کروڑ روپے کی مالیت کے ۱۰؍ لاکھ کے قریب ذاتی قرض دیئے گئے ۔اس پلیٹ فارم کے استعمال کرنے میں آسانی سے کے سبب ڈیجیٹل طریقے سے قرض دینے کے عمل کو تقویت ملی ہے۔ قابل غور ہے کہ ایس بی آئی سب سے زیادہ ڈیبٹ کارڈ جاری کرنے والا بینک بھی قرار دیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ۲۹؍ کروڑ سے زیادہ صارفین ایس بی آئی کے ڈیبٹ کارڈاستعمال کرتے ہیں۔ اس کے سبب کارڈ سے خرچ کرنے میں اس کا مارکیٹ شیئر ۳۰؍ فیصد اور لین دین کی تعداد ۲۹؍ فیصد درج کی گئی ہے۔ بازار ماہرین کے مطابق رقم ادائیگی قبول کرنے کے لئے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے میں بھی اچھی پیش رفت کی ہے۔ علاوہ ازیں ہوم لون ، لاکرس اور دیگر سہولیات میں بہتری کئے جانے سے بینک کی ساکھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔