EPAPER
Updated: February 08, 2022, 11:01 AM IST | Agency | Saharanpur
سہارنپور میں پریس کانفر نس سے خطاب کرتےہوئے سماجوادی سربراہ اکھلیش یادو نے کہا :’’سرکاری افسران بی جے پی کے ایجنٹ اور اس کے کارکن کے طورپر کام کررہے ہیں۔‘‘بی جے پی لیڈروں پر لگاتار جھوٹ بولنے کا بھی الزام لگایا
سماجوادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے پیر کو الزام لگایا کہ اترپردیش میں سینئر سرکاری افسران بی جے پی کے کارکن کے طور پر کام کررہے ہیں۔ ان کی پارٹی اس کی الیکشن کمیشن سے شکایت کرے گی۔ ایس پی سربراہ نے کہا:’’ سرکاری سینئر افسران اپنے جونیئر افسران پر بی جے پی کے حق میں ووٹ ڈالنے کیلئےدباؤ ڈال رہے ہیں۔ بصورت دگر کارروائی کا انتباہ دے رہے ہیں۔‘‘ پیر کو سہارنپور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا:’’میں پہلے دن سے یہ بات کہہ رہا ہوں کہ ریاست میں کچھ افسران بی جے پی کے ایجنٹ اور اس کے کارکن کے طور پر کام کررہے ہیں۔ہم نے اس سلسلے میں الیکشن کمیشن سے متعدد بار شکایت کی ہے لیکن ابھی تک کوئی ایکشن نہیں لیا گیا ہے۔‘‘ اکھلیش نے پوسٹل بیلٹ میں بھی گڑبڑ کا الزام لگاتے ہوئے کہا :’’ خصوصی طور سے آگرہ کے فتح آباد میں ایک معذور ووٹر نے کہا دیا تھا کہ اس کا ووٹ غلط ڈالا گیا ہے۔جب گاؤں والوں نے اعتراض کیاتو افسران کی ایک دوسری ٹیم گئی اور اس نے انہیں یہ سمجھانے کی کوشش کی کہ صرف ایک ووٹ تو ضائع ہوا ہے۔یہ لوگ پوسٹل بیلٹ ووٹ کی گڑبڑ میں ملوث ہیں۔‘‘ایس پی سربراہ نے الزام لگایا:’’ وہ افسران جو حکومت کی خوشامدکرنے میں مصروف تھے، بی جے پی نے انعام کے طور پر انہیں انتخابی میدان میں اتار دیا ہے۔‘‘انہوں نے بی جے پی لیڈروں پر جھوٹ بولنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا:’’بی جے پی لیڈر لگاتار جھوٹ بول رہے ہیں۔ اس معاملے میں ان کا کوئی ثانی نہیں ہے۔‘‘ اکھلیش نے کہا:’’انہوں نے نظم و نسق کی بات کی تھی لیکن این سی آر بی ڈاٹا دوسری تصویر پیش کررہا ہے۔یوپی میں خواتین سب سے زیادہ غیر محفوظ ہیں۔انکاؤنٹر اور حراستی اموات میں بھی صوبہ سرفہرست ہے۔‘‘ لکڑی کے کام کیلئے مشہور ضلع سہارنپور میں اکھلیش نے وعدہ کیا :’’ اگر سماجوادی پارٹی(ایس پی) اقتدار میں آتی ہے تو کارباریوں اور کاریگروں کی مدد کیلئے ’ووڈ کرافٹ ڈیولپمنٹ ایکسپورٹ پروموشن فورم‘ تشکیل دیا جائے گا۔‘‘انہوں نے اپنے ۳۰۰؍یونٹ مفت بجلی، مفت سنچائی ، گنا کسانوں کے بقایاکی ادائیگی کیلئے کارپس فنڈ کی تشکیل اور پرانی پنشن نظام کو بحال کرنے کے وعدے کا اعادہ کیا۔
؍۱۱؍فروری کو سہارنپور میں مودی کی ریلی
دوسر ی جانب وزیر اعظم نریندر مودی ۱۱؍فروری کو سہارنپور میں بی جے پی کے امیدوار کے حق میں انتخابی مہم کیلئے عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔بی جے پی کی ضلع اکائی کی جانب سے پیر کو بتایا گیا کہ مودی سہارنپور دہرادون شاہراہ پر رماؤنٹ ڈپو کے میدان میں عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔ یادر ہے کہ ضلع سہارنپور میں انتخاب دوسرے مرحلے کے تحت۱۴؍فروری کو ہونگے۔ اس کیلئے۱۲؍فروری کی شام۶؍بجے انتخابی مہم پر روک لگ جائے گی۔اس الیکشن میں حالانکہ بی جے پی، سہارنپور کی تمام ساتوں سیٹوں پر مقابلے میں ہے لیکن ایس پی۔ آر ایل ڈی اتحاد سے پارٹی کو سخت چیلنج کا سامنا بھی کرنا پڑرہا ہے۔ گزشتہ الیکشن میں بی جے پی نے ضلع کی۷؍ میں سے۴؍ سیٹوں، دیوبند، گنگوہ، رامپور منہارن اور نکڑ پر کامیابی حاصلی کی تھی۔ لوک سبھا الیکشن ۲۰۱۹ ءمیں بی جے پی نے سہارنپور کی سیٹ گنوا دی تھی۔ دوسری طرف اپوزیشن بے روزگاری اور کسانوں کے مسائل پر متحدہے۔ اسی پر بی جےپی کو گھیررہی ہے۔ مغربی یوپی کے دوسرے اضلاع کی طرح سہار نپور میں کورونا کے دور میں عوام کی بڑی تعداد بے روزگار ہوئی ہے جبکہ مہنگائی اور کسانوں کی تحریک نے بھی حکمراں جماعت سے متعلق ووٹروں کے دل و دماغ کو بڑی حد تک بدل دیا۔