Inquilab Logo Happiest Places to Work

پنجاب :پرینکا کےتیور،کیجریوال ،کیپٹن اور آر ایس ایس پرحملہ

Updated: February 14, 2022, 12:50 PM IST | Agency | Chandigarh

عام آدمی پارٹی کو آر ایس ایس کی شاخ قراردیا،کیپٹن امریندر سنگھ کے تعلق سے کہا کہ ان کی حکومت مرکز کے اشارے پر چل رہی تھی اسلئے انہیںہٹادیا گیا

In Kot Kapura of Faridkot district of Punjab, Priyanka Gandhi targeted several people at once..Picture:INN
پنجاب کے ضلع فرید کوٹ کے کوٹ کپورہ میں پرینکا گاندھی نےایک ساتھ کئی کو نشانہ بنایا ۔ تصویر :آئی این این

 کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے پنجاب کے ضلع فرید کوٹ کے کوٹ کپورہ میں ا نتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سخت تیور دکھائےاور عام آدمی پارٹی ، کیپٹن  امریندر سنگھ اورآر ایس ایس پر شدید حملہ کیا۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کہاں سے ابھری ہے؟ وہ آر ایس ایس سے نکلی ہے۔ کانگریس جنرل سیکریٹری نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے لیڈر خود کہتے ہیں کہ ہم بی جے پی سے بڑے بی جے پی ہیں۔کوٹ کپورہ میں `’نوی سوچ، نوا پنجاب ‘ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے عام آدمی پارٹی پر سخت نشانہ لگایا ہے۔ کیجریوال حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہلی میں تعلیمی اور صحت کے اداروں کے نام پر کچھ نہیں ہے۔ سیاسی جماعتوں اور ان کے قائدین کے بارے میں حقیقت جاننا ضروری ہے۔ کانگریس جنرل سیکریٹری نے کہا کہ ’’ہماری یہاں۵؍ سال سے حکومت ہے۔ یہ درست ہے کہ اس حکومت میں کچھ کوتاہیاں تھیں۔ بہت سے راستے میں بھٹک گئے۔ یہ حکومت پنجاب سے چلنا بند ہو گئی تھی۔ یہاں کی حکومت دہلی سے چل رہی تھی اور دہلی سے کانگریس نہیں بلکہ بی جے پی اسے چلا رہی تھی۔‘‘
کیپٹن امریندر سنگھ پرتنقید
 اس کے ساتھ ہی پرینکا گاندھی نے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن امریندر سنگھ کی حکومت مرکزی حکومت کے اشاروں پر چل رہی تھی۔ اس لئے پارٹی نے وزیر اعلیٰ کو بدل دیا۔ پرینکا گاندھی نے ایک بار پھر وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پنجاب میں ایک غریب اور دلت وزیر اعلیٰ کو منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو منتخب کیا۔ ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب کی حکومت پنجاب سے  چلے۔ اگر عام آدمی پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو وہ دہلی سے چلے گی، لیکن چرنجیت سنگھ چنی حکومت پنجاب سے چلے گی۔
’آپ‘بی جے پی سے بڑی بی جے پی
 کانگریس کی اسٹارپرچارک پرینکا گاندھی نے کہا کہ آج کل یہاں دہلی ماڈل کی بات کی جارہی ہے۔ یہ لوگ دہلی سے آئے ہیں، جو پہلے ہی ناکام ہیں۔ اس سے پہلے ایک گجرات ماڈل کی بھی بڑی چرچا تھی، وہ کس طرح  فیل تھا، آپ لوگ جانتے ہیں۔ دہلی کی اصلیت بھی اس سے الگ نہیں ہے۔ عام آدمی پارٹی کے لیڈر خود کہتے ہیں کہ وہ بی جے پی سے بڑی بی جے پی ہے۔ دہلی میں آپ نے کچھ نہیں کیا۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی دونوں اشتہار والی پارٹی ہے۔ یہ صرف اشتہار پر ہوا ہوائی بات کرتے ہیں۔ اس سے لوگوں کا بھلا نہیں ہونے والا ہے۔ آپ کو ایک ایسی حکومت چاہئے جو کہ آپ کے مستقبل کی بہتری کے لئے کام کرے۔ ایسی حکومت صرف کانگریس ہی دے سکتی ہے۔
چرنجیت چنی نے۱۰۰؍ دنوں میں بہترین کام کیا
 پرینکا گاندھی نے کہا’’ پنجاب کو ایک نئی حکومت چاہئے، وہ کانگریس ہی دے گی۔ چرنجیت سنگھ چنی اچھا کام کر رہے ہیں۔ وہ تین چار بجے رات تک کام کر رہے ہیں۔ پنجاب کی مضبوطی کے لئے چرنجیت سنگھ چنی کو ایک موقع دیں۔ انہوں نے عوام سے پوچھا کہا کہ آپ۱۰۰؍ دنوں کی حکومت چاہتے ہیں یا پھر تقریر کرنے والی حکومت ؟ پرینکا گاندھی نے کہا، ’چرنجیت سنگھ چنی نے سو دن میں بہترین کام کیا ہے۔ پانی، بجلی، سیوریج، بجلی بل معاف، گئوشالہ میں بجلی معاف، پسماندہ طبقات کے بڑے پیمانے پر قرض معاف کئے۔ اب ہم خواتین کو۳۳؍ فیصد ریزرویشن دینا چاہتے ہیں۔ اس کے لئے آپ کانگریس کو ووٹ دیجئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK