Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبرا : حجاب کی حمایت میں احتجاج،کرناٹک حکومت کیخلاف نعرے

Updated: February 14, 2022, 12:25 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbra

خواتین اور طالبات نے زبردست ریلی نکال کر حجاب پہننے کو آئینی حق قرار دیا اور کہا کہ حجاب پر ہمیں فخر ہے، حجاب ہماری پہچان ہے

A large number of female students and girls participated in the rally in support of Hijab in Membra.Picture:Inquilab,Satej Shinde
ممبرا میں حجاب کی حمایت میں منعقدہ ریلی میں بڑی تعداد میں خواتین،طالبات اور بچیوں نے شرکت کی۔ تصویر،انقلاب:ستیج شندے

ناٹک کے اسکول اور کالج میں طالبات پر حجاب  پہننے پر عائد پابندی کے خلاف اتوار کو ممبرا میں طالبات اور خواتین  نے ایک ریلی نکالی ۔  یہ ریلی کوسہ جامع مسجد سے دارالفلاح تک نکالی گئی تھی۔اس ریلی میں خواتین حجاب اور برقع پہنے ہوئی تھیں اور انہوں نے اپنے ہاتھوں میں متعدد پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حجاب ہمارا حق، حجاب پر ہمیں فخر ہے، حجاب ہماری پہچان ہے لکھا تھا۔مظاہرین نے کرناٹک حکومت کیخلاف نعرےبازی بھی کی۔ مظاہرین میں شامل ایک خاتون نے بتایا کہ’’حجاب پہننا ہمارا جمہوری حق ہے۔آئین ہند کے آرٹیکل ۲۵؍ میں  ہمیں یہ حق دیا گیا ہے۔ ہمارا حجاب ہماری طاقت ہے۔جن کالج کی بچیوں کو حجاب پہننے سے روکا گیا تھا وہ پہلے سے ہی حجاب پہن کر آتی تھیں،تو اچانک کالج انتظامیہ کو کیا ہو گیا کہ اس  نے حجاب پر پابندی عائد کر دی۔جب بچیاں قابل اعتراض کپڑے پہننی ہیں تو ان پر کوئی پابندی عائد نہیں کی جاتی ہے لیکن یہاںاپنےآپ کو محفوظ کرنے کیلئے حجاب پہننے پر اعتراض کیا جارہا ہے ، یہ افسوسناک ہے ۔ برقع اور نوز پیس پہنی ہوئی ایک اور خاتون نے بتایا کہ ’’دستور ہند میں ہمیں اپنے مذہب کے مطابق پوشاک پہننے کی آزادی دی ہےلہٰذا حکومت ہمیں حجاب پہننے پر پابندی نہیں لگا سکتی۔حجاب اور پردے کے سبب ہم میں ایمان کی طاقت پیدا ہوتی ہے اور اسی لئے بے بی مسکان خان میں بھی ایمانی جذبہ تھا اور اس نے بھگوا شدت پسندوں کو اللہ اکبر کہہ کر قرارا جواب دیا۔پردہ ہماری شان ہے، اللہ کا فرمان اور شریعت کا رکن ہے، حجاب ہمارا تحفظ ہے۔ ہم اسے کبھی جھکنے نہیں دیں گے  چاہے ہزاروں گیدڑ اور آجائیں ہم قرباں ہو جائیں گے لیکن شریعت کو جھکنے نہیںدیں گے ۔‘‘   ایک دیگر خاتون نے کہا کہ ’’  ہمارے  ملک کے آئین نے ہمیں یہ حق دیا ہے اور ہر ایک کواس کے مذہب کے مطابق زندگی گزار نے کی آزادی دی ہے تو پھر حجاب پر پابندی عائد کیوں کی جارہی ہے۔‘‘انہوں نے کورٹ سے بھی اپیل کی کہ عدالت ہمارے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔مین اسٹریم میڈیا کو مظاہرین  نے مودی میڈیا قرار دیا جو حجاب کو اور  اس پر پابندی عائد کرنے کیخلاف مظاہرے کو  غلط انداز میں پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ ’’حجاب پر پابندی عائد کرنے کا مقصد مسلم بچیوں کو تعلیم سے دور کرنا بھی ہو سکتا ہے۔ لیکن ہم اسے بالکل کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ہم حجاب میں رہ کر تعلیم بھی حاصل کرسکتے  ہیں اور دیگر جائز کام بھی کامیابی سے انجام دے سکتے ہیں ۔ ہم نے اس لئے حجاب نہیں پہنا ہے کہ گھر والوں کی جانب سے پابندی عائد کی جارہی ہے بلکہ اللہ کا فرمان ہے اس لئے ہم نے حجاب پہنا ہے ۔ اس حجاب کو ہمیشہ پہنیں گے چاہے اس کیلئے  ہماری جان ہی کیوں نہ چلی جائے۔ ہم اپنے اور اپنے بچیوں کے حق کیلئے آخری دم تک لڑیں گے ۔ مظاہرہ میں شامل خواتین جو نعرے لگا رہی تھیں ان میں مسکان تیری ہمت سے انقلاب آئے گا، اللہ کا فرمان ہے،بیٹی بچاؤ،پڑھاؤ ،مذہب نہیں سکھاتا آپس میں بیر رکھنا،ہماری مانگیں پوری کرو، وی وانٹ جسٹس وغیرہ شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK