EPAPER
Updated: May 07, 2021, 8:06 AM IST | Mumbai
ممبئی شہر کے نگراں وزیر اسلم شیخ نے جمعرات کو پال گھر ضلع کے تارا پور ایم آئی ڈی سی میں واقع کمپنی `’کملا لائف سائنسیز لمیٹڈ‘ کا دورہ کیا
ممبئی شہر کے نگراں وزیر اسلم شیخ نے جمعرات کو پال گھر ضلع کے تارا پور ایم آئی ڈی سی میں واقع کمپنی `’کملا لائف سائنسیز لمیٹڈ‘ کا دورہ کیا جو ملک میں ریمڈیسیور انجکشن تیار کرنے والی سب سے بڑی دوا کمپنی ہے۔ اس موقع پر اسلم شیخ نے کمپنی کے چیئرمین ڈاکٹر دگمبر جھور اور پروڈکشن ڈپارٹمنٹ کے اعلیٰ عہدیداروں سے بات چیت کی اور ریمڈیسیورکی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ پریس ریلیز کے مطابق مذکورہ کمپنی کا دورہ کرنے کے بعد اسلم شیخ نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کملا لائف سائنسیز لمیٹڈ کمپنی نے ریمڈیسیور کی تیاری کے لئے درکار اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے اور آج یہ کمپنی بڑھتی ہوئی مانگوں کے مطابق ہر ماہ میں تین لاکھ سے زائد ریمڈیسیور انجکشن تیار کر سکتی ہے۔ انہوں نےمزید کہا کہ اگر خام مال کی فراہمی وافر مقدار میں کی جاتی ہے تو یہ کمپنی ہر ماہ۵۰؍ لاکھ سے بھی زائد ریمڈیسیور تیار کرسکتی ہے۔ اسلم شیخ کے مطابق اگر ملک میں ادویات تیار کرنے والی کمپنیوں کو بڑی تعداد میں خام مال دستیاب کرایا جائے تو ان کی پیداوار میں بہت زیادہ اضافہ کیا جاسکتا ہے اور اس کی قلّت اور کالا بازاری پر روک لگائی جاسکتی ہے۔
اسلم شیخ نے کہا کہ ریاست اور ملک میں کورونا کے مریضوں میں تیزی سے ہورہے اضافے کے درمیان کورونا کے علاج کے لئے درکار ریمڈیسیور کی قلّت کے سبب ریمڈیسیور کی کالا بازاری زوروں پر ہے۔ ریمڈیسیور کے وائل کی قیمت زیادہ سے زیادہ۲؍ ہزار روپے ہونی چاہئے لیکن یہ بلیک مارکیٹ میں۲۰؍ ہزار روپے سے زیادہ میں فروخت ہورہی ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ریمڈیسیور کے بلیک مارکیٹنگ روکنے کے لئے سخت اقدامات کرے گی۔