EPAPER
Updated: January 24, 2022, 12:30 PM IST | Agency | Rampur
بارش کے درمیان ’چوپال پر چر چہ ‘ میں حصہ لیا ، ایم وائی فیکٹر کو مودی اور یوگی سے تعبیر کیا ، اپوزیشن پر تنقید کی ،اسے ۳؍ بی یعنی بلوائی ، باہو بلی اور بے ایمانی بتایا ۔ مر کزی وزیر نے طنز کیا :’’ کانگریس جو کبھی ملک کی پارٹی تھی آج’محلے کی مہنگی‘ہوگئی ہے ۔‘‘
اتوار کو بی جے پی کے سینئر لیڈر اور اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی رامپور کے ایک گاؤں شنکر پورپہنچےجہاں انہوں نے’چوپال پر چرچہ‘ میں حصہ لیا۔ اس موقع پر ان کاکہنا تھا کہ اترپردیش میں’ایم وائی‘ فیکٹر مودی یوگی ہیں جو ریاست کی ترقی، عوام کےتحفظ، استحکام اور بہتر حکمرانی کیلئے پرعزم ہیں۔ اس دورے میں نقوی نے بی جے پی کے مقامی عہدیدار ، بوتھ صدر اور گاؤں والوں سے ملاقات کی۔ مر کزی وزیر نے اپوزیشن پر تنقید کی اور بی جے پی کی حصولیابیاں بتائیں ۔انہوں نے کہا: اصل’ایم وائی‘ فیکٹر (مودی یوگی) نے اترپردیش میں منہ بھرائی کے سیاسی کھیل کو’ جامع ترقی کی حب الوطنی کی طاقت‘ سے منہدم کیا ہے۔ اسی’ایم وائی‘فیکٹر سے’تین بی ’بلوائی، باہوبلی اوربےایمانی‘کا’بردرہوڈ‘بے چین ہے اور یہ بردرہوڈ چاہتا ہے کہ اقتدار کے تحفظ سے ریاست کی سیکوریٹی کااغواء کرلیں۔ سابقہ حکومت کے ’بلوائیوں،باہوبلیوں اوربے ایمانوں‘ کے ظلم اور جرم کے زخم آج بھی اترپردیش کے عوام کے ذہن و دماغ میں تازہ ہیں۔‘‘ مختارعباس نقوی نے یہ بھی کہا:’’ گزشتہ ۵؍ سال میں اسی ’ایم وائی ‘فیکٹر نے ’بلوائیوں اور باہوبلیوں کے خوف سے اترپردیش کے عوام کو نجات دلائی ہے۔ یہی’ایم وائی‘ فیکٹر عوام کے تحفظ کے ساتھ ساتھ خوشحالی، ریاست کی ترقی اور اعتماد کی بھی ضمانت دے رہا ہے جسے کسی بھی حال میں کمزور نہیں پڑنے دیا جائے گا۔‘‘
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا:’’ اترپردیش آج فسادات اور فسادیوں سے پاک ہے۔سیکوریٹی اور بہتر حکمرانی کی مثال ہے۔ ’کرپٹ اور کرپشن کی وراثت‘ اور’فسادات اور فسادیوں کی سیاست‘ پر مودی اور یوگی کے عہدنےبریک لگا یا ہے۔ یہ الیکشن ایک بار پھر’تھری بی’ بلوائی،باہوبلی بے ایمانی‘بردرہوڈ کے منصوبوں پر مکمل طور سے روک لگائے گا۔‘‘ نقوی نے یہ بھی کہا :’’ کانگریس جو کبھی ملک کی پارٹی تھی آج’محلے کی مہنگی‘ہوگئی ہے۔ اس کی اہم وجہ ’جاگیردارانہ سوچ سے پُر منفی سیاست‘ ہے۔ آج کانگریس میں ٹکٹ لینے والوں سے زیادہ ٹکٹ واپس کرنے والوں کی لائن لگی ہے۔‘‘ مرکزی وزیر نے کہا :’’ مودی یوگی حکومت نے اترپردیش میں گزشتہ ۵؍ سال میں نظم ونسق، بہتر سڑک ،دیگر ضروری انفرااسٹرکچر، تعلیم، کاروبار اور میڈیکل کے شعبے میں ریکارڈقائم کئے ہیں۔ کورونا وبا کے چیلنجز سے صوبہ پوری مضبوطی کے سا تھ لڑا ہے۔ کروڑوں افراد کی ٹیکہ کاری ہوئی ہے۔‘‘ ان کے بقول :’’ ۲۰۱۷ء سے پہلے صرف ۱۵؍ میڈیکل کالج تھے ، اب ان کی تعداد ۵۹؍ہوگئی ہے۔۲۰۱۷ء سے پہلے ریاست میں ۲؍بین الاقوامی ایئر پورٹ تھے۔ اب۵؍بین الاقوامی ایئر پورٹ ہوگئے ہیں۔ میٹرو ریل کی سہولیات جو۲۰۱۷ء سے پہلے صرف۲؍شہروں میں تھیں اب ۵؍شہروں میں ہیں اور۵؍دیگر شہروں میں کام جاری ہے۔‘‘ اس دوران مختار عباس نقوی نے یہ بھی دعویٰ کیا:’’ جہاں ایک طرف ۲۰۱۷ء سے پہلے ریاست میں کوئی ایمس اسپتال نہیں تھا، وہیں دوسری جانب اب رائے بریلی اور گورکھپور میں ایمس قائم کئے گئے ہیں۔‘‘