Inquilab Logo Happiest Places to Work

؍ ۵؍ جی متعارف کرانا ملک کی پہلی ترجیح ہونی چاہئے: مکیش امبانی

Updated: December 09, 2021, 11:43 AM IST | Agency | New Delhi

انڈین موبائل کانگریس میں ملک کے معروف صنعتکار نے کہا کہ ہندوستان کو ۲؍ جی سے ۴؍ جی اورپھر ۵؍جی میں منتقل کرنے کاعمل جلد از جلد پورا کرلینا چاہئے کیوں کہ لاکھوں ہندوستانیوں کو سب سے نیچے۲؍جی تک محدود رکھنا انہیں ڈیجیٹل انقلاب کے فوائد سے محروم کرنے جیسا ہے

Mukesh Ambani. Picture:INN
مکیش امبانی ۔ تصویر: آئی این این

ہم نے صدفیصدملک میں تیار کردہ اور جامع۵؍ جی حل کو فروغ دیا ہے۔یہ پوری طرح سے کلاؤڈنیٹیواورڈیجیٹل ہونے کے ساتھ ساتھ خالصتاً ہندوستانی بھی ہے۔ ہماری تکنیک کی وجہ سے جیو نیٹ ور ک کو۴؍ جی سے ۵؍ جی میں جلد از جلد سےبدلا جاسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار مکیش امبانی نے ملک کے سب سے بڑے ٹیکنالوجی ایونٹ انڈیا موبائل کانگریس۲۰۲۱ء میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ۵؍ جی متعارف کرانا ملک کی اولین ترجیح ہونی چاہئے ۔مکیش امبانی نے مزید کہا کہ اگر ملک کے پسماندہ طبقات کو ملک کے ڈیجیٹل فروغ کا حصہ بننا ہے تو کفایتی قیمتوں پرخدمات اور آلات مہیا کرائے جانے چاہئیں۔مکیش امبانی نے کہا کہ ہندوستان کو ۲؍ جی سے ۴؍ جی اورپھر ۵؍جی میں منتقل کرنے کاعمل جلد از جلد پورا کرلینا چاہئے کیوں کہ لاکھوں ہندوستانیوں کو سب سے نیچے۲؍جی تک محدود رکھنا انہیں ڈیجیٹل انقلاب کے فوائد سے محروم کرنے جیسا ہے۔ چناں چہ کووڈ عہد میں ہم نے دیکھا کہ جب زندگی تھم سی گئی تھی،تب انٹر نیٹ اور موبائل نے ہی ہمیں سہارا دیا۔ تکنیک ہی ہماری زندگی اور روزگار کیلئے سہارا بنی۔ خیال رہے کہ انڈیا موبائل کانگریس۲۰۲۱ء  بدھ سے شروع ہوچکی ہے  اور۱۰؍ دسمبر تک چلے گی۔ موبائل کانگریس میں وزیرمواصلات سمیت اس سیکٹر کی متعدد مشہورو معروف ہستیاں حصہ لے رہی ہیں۔
موبائل سروسیز، ہینڈ سیٹ کی شرحیں مناسب رکھنا ضروری، یوایس او فنڈ سے  سبسڈی ملنی  چاہئے
 ریلائنس جیو کے سربراہ مکیش امبانی نے بدھ کو ہندوستان کی ٹیلی کام صنعت اور ڈیجیٹل معیشت کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے پانچ خیالات پیش کرتے ہوئے  خدمات اور آلات کو عام لوگوں کی پہنچ میں رکھنے کی ضرورت پر زرودیا۔ امبانی نے کہا کہ اس کے لئے  یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس او فنڈ) سے سبسڈی دی جانی چاہئے۔ وہ ملک کے سب سے بڑے ٹیکنالوجی ایونٹ انڈیا موبائل کانگریس۲۰۲۱ء کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ آن لائن منعقد کی گئی اس کانفرنس کے آغاز میں وزیر اعظم نریندر مودی کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔انہوں نے یہ بات ایسے وقت میں کہی جب ریلائنس جیو سمیت مختلف خدمات فراہم کرنے والوں نے حال ہی میں اپنے پری پیڈ پلانس کی شرحوں میں۲۵؍ فیصد تک اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں موبائل انٹرنیٹ کی شرح اس وقت دنیا میں سب سے کم ہے اور اس کا بازار کی توسیع میں بڑا تعاون ہے۔ ٹیلی کمیونی کیشن ڈپارٹمنٹ اور سیلولر آپریٹرز ایسوسی ایشن آف انڈیا (سی اواے آئی) کے زیر اہتمام منعقدہ اس کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں ٹیلی کام کے وزیر اشونی ویشنو، آدتیہ برلا گروپ کے سربراہ کمارمنگلم برلا اور وزارت، ریگولیٹرز اور  شعبہ صنعت کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
فائبر کنکٹی ویٹی پر زور
  امبانی نے صنعت کے سامنے پانچ ترجیحات بیان کرتے ہوئے کہا کہ۲؍جی کے صارفین کو۴؍جی اور۵؍جی  کے نیٹ ورکس پرلانا پہلابڑاچیلنج ہے۔امبانی نے کہا کہ خدمات اور آلات کاسستا ہونا  ٹیلی کمیونی کیشن اور ڈیجیٹل خدمات کی صنعت کی ترقی کے لیے بہت اہم ہے۔ ریلائنس جیو کے سربراہ مکیش امبانی  نے کہا کہ ہر جگہ فائبر کنکٹی ویٹی کو پورے ہندوستان میں ایک مشن موڈ پر مکمل کیا جانا چاہیے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ دنیا اب ’ڈیجیٹل فرسٹ ایرا‘ میں تبدیل ہو رہی ہے، جب تقریباً سب کچھ پہلے ڈیجیٹل اسپیس میں کیا جائے گا اور پھر طبعی دنیا میں  اسے منتقل کیا جائے گا۔ معاشی سرگرمیوں اور یہاں تک کہ سماجی تعاملات کا نمونہ ڈرامائی طور پر بدل جائے گا۔ ورچوئل اتنا ہی اہم ہو جائے گا جتنا اصلی یا اصل ہے۔ دولت کی تخلیق میں نہ صرف تیزی آئے گی بلکہ جامع بھی ہو جائے گی۔ درحقیقت ہماری آبادی کی طاقت کے ساتھ پہلی حکمت عملی کو اپنانا، ہندوستان کو دوسرے ممالک کو پیچھے چھوڑنے کے قابل بنائے گا۔فائبر میں تقریباً لامحدود ڈیٹا کیریئج کی گنجائش ہے۔ اس لیے مستقبل کے لیے تیار رہنے کے لیے ہندوستان کو فائبر اپنانا ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK