EPAPER
Updated: October 04, 2021, 11:27 AM IST | Agency | Kavaratti
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ جزیر ےمیںدہشت گردی اور شدت پسندی کو فروغ دینے کی کوششوں کو یہاںکے باشندوں نے ہمیشہ ناکام بنایا ہے
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نےسنیچر کو کہا کہ دنیا میں کوئی بھی شخص لکش دیپ میں مسلم آبادی یا دیگر باشندوں کی حب الوطنی پر شک کرنے یا سوال اٹھانے کی جرات نہیں کرسکتا ہے ، کیونکہ انہوں نے بحران پیدا کرنے والے یا ملک کے خلاف وہاں لوگوں کو بھڑکانے والی ملک مخالف طاقتوں کی کوششوں کو ناکام بنایا ہے ۔ راجناتھ سنگھ نے یہاں مہاتما گاندھی کی ۱۵۲؍ ویں جینتی پر اپنے خطاب کے دوران کہا کہ روئے زمین پر کوئی بھی شخص لکش دیپ میں مسلم آبادی کی حب الوطنی پر شک کرنے کی جرات نہیں کرسکتا ہے ، کوئی بھی شخص لکش دیپ کے لوگوں کی حب الوطنی پر سوال کھڑا نہیں کرسکتا۔وہ یہاں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے ایک مجسمہ کی نقاب کشائی کرنے کے بعد لوگوں کو خطاب کررہے تھے۔راجناتھ سنگھ نے پروگرام کے دوران ماحولیاتی تبدیلی کے معاملہ اور گلوبل وارمنگ کے پیش نظر سمندر میں سطح آب بڑھنے سے لکش دیپ کے وجود کیلئے پیدا ہوئے خطرے کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاربن اخراج میں کٹوتی کی سمت میں سرکار کے مثبت رخ کے تحت اگلے سال یکم جولائی سے ایک مرتبہ استعمال کی جانے والی پلاسٹک اور متعلقہ پروڈکٹس کی مینوفیکچرنگ ، بکری اور استعمال پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر دفاع نے کہا کہ لکش دیپ میں شدت پسندی اور دہشت گردی کو فروغ دینے کی کوششیں کی گئی ہیں، یہ کوششیں ماضی میں بھی کی گئیں اور اب بھی کی جارہی ہیں لیکن جزیرہ کے باشندوں نے ایسی کوششوں کو ہمیشہ ناکام بنایا ہے۔راجناتھ سنگھ نے اس کیلئےمرکز کے زیر انتظام خطہ کے لوگوں کو مبارکباد دی ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت نے سخت رخ اپنایا ہے ، لیکن جہاں تک شدت پسندی کی بات ہے تو سرکار نے ایسا سخت رخ نہیں اپنایا ہے اور اس کی بجائے شدت پسندی کے راستے پر گئے لوگوں کو مین اسٹریم میں واپس لانے کیلئے انہیں سمجھانے بجھانے کا متبادل منتخب کیا ہے ۔مرکزی وزیر نے کہا کہ کچھ مفاد پرست عناصر موجودہ مرکزی حکومت کو اقلیت مخالف بتا رہے ہیں ، جو غلط ہے اور جھوٹا الزام ہے ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ جزیرے کے لوگ مہاتما گاندھی کے اصولوں کے سچے پیروکار ہیں اور ان کے درمیان ذات ، نسل یا مذہب کی بنیاد پر کوئی نفرت نہیں ہے۔