EPAPER
Updated: January 07, 2022, 9:34 AM IST | surat
متوفیوں میں خاتون بھی شامل ،۲۰؍ دیگر بیمار سورت کے سول اسپتال میں زیر علاج،نالے میںبہا یا جانے والا کیمیکل زہریلی گیس کے اخراج کا سبب بنا
سورت کے سچن انڈسٹریل ایریا میں جمعرات کو ایک کیمیکل ٹینکر سے نالے میں بہائے جانے والے کیمیکل کی وجہ سے مشتبہ طور پر زہریلی گیس پھیلنے سے ۶؍ مزدوروں کی موت ہوگئی ہے جبکہ۲۰؍دیگر بیمار پڑ گئے ہیں۔ سچن انڈسٹریل ایریا تھانے کے پولیس انسپکٹر کے پی جڈیجا نے بتایا کہ ساڑی اور کپڑوں پر پرنٹنگ کرنے والی وشو پریم ڈائینگ اینڈ پرنٹنگ مل کی فیکٹری کے قریب صبح سویرے یہ واقعہ پیش آیا۔
پولیس صبح تقریباًسوا چار بجے اطلاع ملنے پر سچن جی آئی ڈی سی میں واقع اس فیکٹری کے قریب پہنچی تو وہاں۲۵؍ مزدور گیس سے متاثر پائے گئے۔یہ سب فیکٹری کے گراؤنڈ فلور پر کام کر رہے تھے۔ انہیں فوری طور پر سو ِل اسپتال لے جایا گیا جہاں علاج کے دوران ایک خاتون سمیت ۶؍ لوگوں نے دم توڑ دیا۔ دیگر متاثرین سورت کے سول اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
اطراف کا علاقہ خالی کرالیاگیا
کے پی جڈیجا نے کہا کہ جائے وقوع سے کچھ ہی فاصلے پر کیمیکل سے بھرا ایک ٹینکر ملا ہے، خیال کیا جا رہا ہے کہ استعمال شدہ کیمیکل کو نالے میں بہانے کے سبب وہ کیمیکل زہریلی گیس میں تبدیل ہو گیا ہوگا۔ فورنسک سائنس لیباریٹری (ایف ایس ایل) کے ماہرین اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ واقعے کی دیگر پہلوؤں سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ احتیاط کے طور پر آس پاس کے علاقے کو بھی خالی کرا لیا گیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ حادثہ صنعتی ٹینکر سے زہریلی گیس کے اخراج کے نتیجے میں ہوا۔ پولیس افسر مہیش پٹیل نے بتایا کہ گیس کا اخراج اس وقت ہوا جب ڈرائیور ٹینکر سے کچھ کچرا نالے میں ڈالنے کی کوشش کر رہا تھا۔ متاثرہ افراد قریبی فیکٹری میں کام کر رہے تھے یا سو رہے تھے۔واضح رہےکہ اس سے قبل اسی نوعیت کا ایک حادثہ آندھرا پردیش میں پیش آیا تھا جس میں۱۲؍ افراد کی موت ہوگئی تھی۔ ۲۰۲۰ء میں،آندھرا پردیش کے بندرگاہی شہر وِشاکھاپٹنم میں جنوبی کوریا کی ملکیت والی کیمیکل فیکٹری میں گیس کے اخراج سے۱۲؍ افراد ہلاک اور سیکڑوں بیمار ہو گئے تھے۔ فیکٹری سے نکلنے والی گیس اسٹائرین تھی جو پلاسٹک اور ربڑ بنانے میں استعمال ہوتی ہے۔ اسٹائرین گیس ایک نیوروٹوکسن ہے اور سانس لینے کے چند منٹوں میں لوگوں کی جان لے سکتی ہے۔
حادثہ پر راہل گاندھی کا اظہار غم
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے سورت میں زہریلی گیس کے رساؤ کے واقعہ پر غم کا اظہار کرتے ہوئے فوت ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔راہل گاندھی نے ٹویٹ کیاکہ ان لوگوں سےاظہار تعزیت جن کے پیارے سورت میں گیس لیک ہونے کی وجہ سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ میں دوسرے متاثرین کی جلد صحت یابی کی تمنا کرتا ہوں۔ مستقبل میں ایسے حادثات کو روکنے کے لیے مناسب تحقیقات ہونی چاہئے۔اس کے ساتھ انہوں نے یہ خبر بھی پوسٹ کی ہے۔