Inquilab Logo Happiest Places to Work

کٹیہار: قابل کاشت زمینیں گنگا اور کوسی میں سما رہی ہیں 

Updated: December 08, 2021, 11:29 AM IST | Inquilab News Network

کسان مزدوری کر نے پرمجبور،پتھر ٹولہ میں درجنوں ایکڑمیں کھڑی سبزی کی فصل کٹاؤ کی نذر

Similarly, a river is flowing in the fields.Picture:INN
اسی طرح کھیتوں میں ندی بہہ رہی ہے۔تصویر : انقلاب

 کوسی اور گنگا   بہار کے ضلع کٹیہار کے کر سلا بلاک کے پتھر ٹولہ  کے کسانوںزمینیں نگل رہی ہیں ۔ کسانوں کی قابل کاشت زمین گنگا اور کوسی کے بھیانک کٹا ؤ میں ہر سال سما رہی ہے ۔ کھیت کٹنے سے کئی کسان اب مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ کسانوں کا دکھ درد سننے والا کوئی نہیں ہے۔کسانوں کا کہنا ہےکہ ہمارے پاس تھوڑی بہت جو قابل کاشت زمین تھی، وہ دھیرے دھیرے ہر سال گنگا اور کوسی میں سماتی جارہی ہے۔ اب خاندان کا گزر بسر بھی مشکل سے ہوتا جارہا  ہے۔ بلاک کے بالو ٹولہ ،پتھر ٹولہ کھیریا ، تین گھریااور بہیار کے نشیبی علاقے میں کٹاؤ  کے سبب سیکڑوں ایکڑ قابل کاشت زمین گنگا اور کوسی میں سما گئی ہے۔ 
 کسانوں کاکہنا کہ اس طرف کوئی عوامی نمائندہ دھیان دے رہا ہے اور نہ ہی انتظامیہ اس پر توجہ دے رہا ہے۔ ہر سال سیلاب کےد وران پانی، پتھر ٹولہ گاؤں میں داخل ہو جاتا ہے۔ کٹاؤ کو روکنے کیلئے انتظامیہ کی سطح پر صرف خانہ پری کی جارہی ہے۔ کٹاؤسے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کرکے صرف ہدایات دی جاتی ہیں لیکن ان پرعمل کہاں ہوتا ہے؟ ہدایت دینے کے بعد  افسران اس کے بارے میں کچھ جاننا نہیں چاہتے ہیں اور اپنے کام میں مصروف ہوجاتے ہیں۔ ایسے میں ہم کسانوں کاکیا ہوگا ؟
  پتھر ٹولہ میں درجنوں ایکڑمیں کھڑی سبزی کی فصل کٹاؤ کی نذ ر ہوگئی ہے۔ کسان نند لا ل مہتو ، رام دھاری مہتو ، ولاس مہتو ، راجیش مہتو ، آنندی مہتو ،  چنو مہتو ، دیو ن چمک لا ل ، مہندر ، بھو شن شوم ، لکشمن اور دیگر نے بتایا کہ اس سال ۱۰؍ ایکڑ زمین میں ہری سبزی کی  کاشت کی تھی۔ سبزی کا پودا تیار ہوچکا تھالیکن سیلاب نے سب کچھ تہس نہس کردیا ، فصل برباد ہوگئی ، کچھ بھی نہیں بچا  ہے۔  ان کے مطابق عوامی نمائندوں کو صرف ووٹ سے مطلب ہے ، کسی نے کسانوں کی خبر نہیں لی ہے ۔ ان کی مدد کرنا تو دور کی بات ہے۔ صرف انتخابی موسم میں بڑے بڑے وعدے کرتے ہیں لیکن آج کٹاؤ کا مسئلہ جو ں کا توں برقرار ہے۔ 
  بھوشن شوم  کے بقول :’’ ہماری قابل کاشت زمینوں میں اب ندی بہہ رہی ہے۔ اب ہمیں خاندان کا پیٹ پالنے میں دشواری ہورہی ہے، کسانوں پر مصیبت کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔ کسانوں نے اپنی جمع پونجی اور قرض لے کر فصل اگائی تھی لیکن گنگا کوسی کے بھیانک کٹاؤ کے بعد زمین گنگا اور کوسی میں سماگئی۔ مہاجن سے قرض لے کر سبزی کی کھیتی کی تھی۔ اب تو فصل کی جگہ صرف پانی نظر آتا ہے۔ کسانوں کے دکھ دردسے کسی کو کوئی مطلب نہیں ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK