EPAPER
Updated: January 25, 2022, 11:44 AM IST | Agency | Jeddah
یہ پلانٹ سعودی عرب کی وزارت ماحولیات و زراعت کے منصوبوں کا حصہ ہے جس کا مقصد مملکت کے تمام خطوں میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے
سعودی عرب نے مملکت کے مغربی ساحل پر شقیق بندرگاہ کے قریب پانی کو صاف کرنے کے دنیا کے سب سے بڑے اور پہلے تیرتے پلانٹ کا افتتاح کردیا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا دنیا کا سب سے بڑا پلانٹ ہے جس میں سمندری پانی کو صاف کر کے اسے پینے اور زراعت کے قابل بنایا جا رہا ہے۔ یہ پلانٹ سعودی عرب کی وزارت ماحولیات ، پانی اور زراعت کے منصوبوں کا حصہ ہے جس کا مقصد سعودی عرب کے تمام خطوں میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔نئے منصوبے کا افتتاح جازان ریجن کے گورنر شہزادہ محمد بن ناصر نے کیا۔ اس موقع پر وزیر ماحولیات، پانی اور زراعت انجینئر عبدالرحمٰن فضلی اور نمکین پانی کو میٹھے پانی میں بدلنے کے ادارے کے گورنر عبداللہ عبدالکریم اور دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ یہ منصوبہ سعودی عرب میں، کنورژن کارپوریشن، سلائن واٹر کنورژن کارپوریشن(ایس ڈبلیو سی سی)کے درمیان تعاون کے فریم ورک کا حصہ ہے جو دنیا میں ڈی سیلی نیشن انڈسٹری کی بڑی کمپنی ہے۔ یہ کمپنی لاجسٹک اور ٹرانسپورٹیشن کے شعبے میں عالمی بحری لیڈنگ کمپنی کے تعاون کے تحت کام کرے گی۔ یہ کمپنی کارپوریشن کے لیے تیرتے ہوئے واٹر ڈی سیلی نیشن پلانٹس تیار کرتی ہے اور اس کی مکمل قومی کیڈرز کی تکنیکی ٹیم کی نگرانی میں یہ پلانٹس بہترین مقامی اور بین الاقوامی معیارات اور ضوابط کو اپناتے ہوئے اعلیٰ سطح پر صاف پانی کے تسلسل کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریںگے۔ اس پلانٹ سے روزانہ ۵۰؍ ہزارکیوبک میٹر پانی فراہم کیا جائے گا۔ یہ پلانٹ ڈی سیلی نیشن اور بحری پروجیکٹ کاتعاون کرے گا جو تیرتے ہوئےپلانٹس کی تعمیر پر مبنی ہے۔ ان میں سے تین پلانٹس کا کل پیداواری حجم ڈیڑھ لاکھ کیوبک میٹر یومیہ ہے۔ اس موقع پر نمکین پانی کی تبدیلی سے متعلق کارپوریشن کے گورنر انجینئر عبداللہ عبدالکریم نے کہا کہ ہم خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد کی بھرپور حمایت کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ صاف پانی کی فراہمی ایک اہم کام ہے اور ہم حکومت کی ہدایت کے مطابق اس کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ صاف پانی کی فراہمی کے ذریعے پائیدار ترقی میں مدد ملے گی۔ ہم قومی آبی حکمت عملی کے تحت اور مسلسل محنت کے نتیجے میں آج کامیابی حاصل کرنے پر خوش ہیں۔