Inquilab Logo Happiest Places to Work

گوونڈی: پلے گراؤنڈ میں ڈالی جانے والی مٹی کو نکالنے کا کام شروع

Updated: November 23, 2021, 10:40 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

خبر کا ا ثر: گراؤنڈ کی تزئین کاری کے نام پر آر بی کے اکیڈمی  اسکول نے خراب مٹی ڈال کر زمین کو برابر کرنے کی کوشش کی تھی لیکن مقامی لوگوں کی ناراضگی اور روزنامہ انقلاب میں شائع ہونےوالی خبر کے بعد وہاں پر ڈالی ہوئی مٹی نکالی جارہی ہے ۔ لیز کو بھی منسوخ کرانے کی کوشش

Work is underway to remove soil from the playground following complaints from citizens.
شہریوں کی شکایت کے بعد پلے گراؤنڈ سے مٹی ہٹانے کا کام جاری ہے۔

یہاں آربی کے انٹرنیشنل اکیڈمی (اسکول )  کے سامنےمانخورد گھاٹ کوپر لنک روڈ سےمتصل  بی ایم سی پلے گراؤنڈ میں تزئین کاری کے نام پر اسکول ٹرسٹ کی انتظامیہ کی جانب سے مبینہ خراب مٹی ڈالی گئی تھی ۔ اس کے خلاف علاقے میں بلند ہونے والی آواز  پر روزنامہ انقلاب میں ۱۲؍ نومبر کو تفصیلی خبر شائع کی تھی ۔  اس خبر اثر یہ ہوا کہ آر بی کے انٹر نیشنل اکیڈمی نے میونسپل کارپوریشن کے مذکورہ پلے گراؤنڈ میں ڈالی جانے والی خراب مٹی کو جے سی بی کے ذریعہ اکٹھا کرکے اسے نکالنے کا کام شروع کردیا ہے ۔ البتہ مقامی کارپوریٹر کا کہناہے کہ ابھی تک پوری کامیابی نہیں ملی ہے اور جب تک اسکول کودیئے جانے والے ۱۱؍ ماہ کے معاہد ہ کو ختم نہیں کرالیں گے، اس وقت تک   ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ 
 گوونڈی میں واقع لوٹس کالونی میں رہائش پذیر اور وارڈ نمبر ۱۳۹؍ کے کارپوریٹر اختر قریشی نےانقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گوونڈی میں واقع فلائی اوور کے قریب مانخورد گھاٹ کوپر لنک روڈ سے ملحق میونسپل کارپوریشن کے  ایک پلے گراؤنڈ میں علاقے کے بچے کرکٹ ، فٹ بال وغیرہ کھیلتے  ہیں اور    علاقے کے معمر افراد صبح اور شام  چہل قدمی بھی کرتے تھے ۔ انھوں نے الزام لگایا کہ میری جانکاری کے بغیرمیونسپل کارپوریشن کے ذریعہ آربی کے انٹر نیشنل اکیڈمی  کے ٹرسٹیوں نے اپنے  طلبہ کے کھیلنے کیلئے پلے گراؤنڈ کی تزئین کاری کے نام پر ۱۱؍ ماہ  کیلئے گراؤنڈ لیز پر لے لیا۔  کارپوریٹر کا کہنا ہے کہ پہلے تو انھوں نے علاقے کے بچوں کو پلے گراؤنڈ میں کھیلنے سے روکنے کی کوشش کی ۔ اطلاع ملنے کے بعد جب مداخلت کی گئی  تو   صبح اور شام  کے وقت علاقے کے بچوں کو کھیلنے کی اجازت دیتے ہوئے اوقات متعین کردیا ۔ باقی  اوقات میں  آربی کے اسکول  کے طلبہ اس پلے گراؤنڈ میں کھیلیں گے ۔ 
 کارپوریٹر اختر قریشی نے دعویٰ ہے کہ ’ محنت رنگ لائی اور اس میں کافی حد تک کامیابی مل گئی ہے‘ لیکن جب تک اسکول کو دی گئی  لیز  منسوخ  نہیں کرالیں گے، اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ کیوںکہ پلے گراؤنڈ کو ڈیولپمنٹ کے نام پر اس میں بہت ہی خراب مٹی ڈالنے کے علاوہ  بڑے بڑے پتھر اور کنکر سمیت عمارت  کے  ٹوٹے ہوئے ملبے   ڈال کر اسے جے سی بی اور رولر کے ذریعہ   زمین میں چھپانے کی کوشش کی گئی تھی۔ انھوں نےمزید کہا کہ مقامی رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی اور ہماری شکایت کے بعد مٹی جے سی بی کے ذریعہ نکال کر واپس  اکٹھا کردی گئی ہے اور اسے وہاں سے اٹھانے  کا کام شروع کردیا گیا ہے ۔  
 ایک سوال کے جواب میں اختر قریشی کا کہنا تھا کہ پلے گراؤنڈ میں ۱۰۰؍ ٹرک سے زائد مٹی ڈالی گئی تھی۔ میں نے ’ ایم‘ ویسٹ وارڈ سے تحریری طور پر سوال کیا ہے کہ جب تمام پلے گراؤنڈ  میںمیونسپل کارپوریشن  کے  ذریعہ ڈیولپمنٹ اور تزئین کاری کی جاتی ہے تو اس پلے گراؤنڈ کو اسکول کے حوالے کیوں کیا گیا۔ اس ضمن میں ’ایم‘ ویسٹ وارڈ کے اسسٹنٹ کمشنر  مہندر اوبالے نے کہا کہ ان کو بغیراطلاع دیئے میونسپل کارپوریشن کے اعلیٰ افسران کے ذریعہ  پلے گراؤنڈ کو ڈیولپ کرنے کیلئے اسکول نے لیا  ہے۔  اس میں تزئین کاری کے نام پر ڈالی جانے والی مٹی لوگوں کی شکایت پر واپس نکالنے کا کام شروع ہوگیا ہے ۔ اس ضمن میں اسکول انتظامیہ سے گفتگو کرنے کی کوشش کی گئی مگر رابطہ نہیں ہوسکا 

govandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK