EPAPER
Updated: December 28, 2021, 12:44 PM IST | Agency | Mumbai
حکومت کے ذریعہ امپورٹ ڈیوٹی میں کمی کئے جانے کے بعدکمپنیوں سے بھی قیمتیں کم کرنے کو کہا گیا
نئے سال سے پہلے عام آدمی کے لیےراحت کی خبر ہے۔ اب آپ کو سستا خوردنی تیل ملےگا۔ درحقیقت، خوردنی تیل کی پیداوار کرنے والی کئی بڑی کمپنیوں نے خوردنی تیل کی زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت(ایم آر پی) میںکمی کی ہے۔صنعتی تنظیم سالوینٹ ایکسٹریکٹرز اسوسی ایشن آف انڈیا(ایس ای اے)نےپیر کو کہا کہ اڈانی ولمر اور روچی سویا سمیت خوردنی تیل کی بڑی کمپنیوں نےصارفین کو راحت دینےکیلئےاپنی مصنوعات کی ایم آر پی میں ۱۰؍ تا ۱۵؍ فیصدکی کمی کی ہے۔
قیمتیں کم کرنے والی اہم کمپنیاں
ایس ای اےکے مطابق، اڈانی ولمر (فارچیون برانڈ)،روچی سویا (مہاکوش، سن رچ، روچی گولڈ اور نیوٹریلا برانڈز)، ایمامی(صحت اورذائقے سے متعلق متعددبرانڈز)، بنج (ڈالڈا، گگن، چمبل برانڈز) اور جیمنی(فریڈم سن فلاور آئل برانڈز) جیسے بڑے برانڈزنےخوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی کر دی ہے۔ اس کے علاوہ کوفکو(نیوٹریلائیوبرانڈ)،فری گوری فیکو الانا(سنی برانڈ) اورگوکل ایگرو (ویٹا لائف، مہک اور زیکابرانڈز) نے بھی قیمتوں میں کمی کی ہے۔ ایس ای اے نے اپنےبیان میں کہا،’’ہمیں یہ بتاتے ہوئےخوشی ہو رہی ہے کہ خوردنی تیل کی بڑی کمپنیوں نےتہوار کے موسم میں صارفین کو راحت فراہم کرنے کے لیے ان کی جانب سے مارکیٹ کیے جانے والے خوردنی تیل پر ایم آر پی میں ۱۰؍تا ۱۵؍فیصدتک کمی کی ہے۔‘‘
آئندہ مہینوں میں دام مزید کم ہونگے
صارفین کو راحت فراہم کرنے کے مقصد سے، مرکزی خوراک کے سکریٹری سدھانشو پانڈے نے کچھ دن پہلے اہم صنعتکاروں کی ایک میٹنگ بلائی تھی اور ان سے درآمدی ڈیوٹی میں کمی کا مثبت جواب دینے کی درخواست کی تھی، جس کا حکومت نے اعلان کیا تھا۔ انڈسٹری باڈی نےکہا کہ اسے توقع ہے کہ نیا سال صارفین کے لیے اچھی خبر لے کر آئے گا جس کے ساتھ ساتھ آنے والے مہینوں میں بین الاقوامی قیمتوں میں نرمی کے ساتھ ملکی سرسوں کی زیادہ فصل کی امید ہے۔
امپورٹ ڈیوٹی میں کمی
ایس ای اے نےمزید کہا کہ خوردنی تیل کی قیمتوںکو جانچنے کے لیے حکومت نے رواں سال متعدد بار ریفائنڈ اور خام خوردنی تیل پر درآمدی ڈیوٹی کم کی ہے۔درآمدی ڈیوٹی میں آخری کمی حکومت نے۲۰؍ دسمبرکوکی تھی جب ریفائنڈپام آئل پر بنیادی کسٹم ڈیوٹی کو مارچ۲۰۲۲ءکےآخر تک۱۷ء۵؍فیصد سے کم کر کے ۱۲ء۵؍فیصد کر دیا گیا تھا۔