EPAPER
Updated: November 30, 2021, 8:11 AM IST | Mumbai
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چور بجلی کے تار اور بلب چرا لیتے ہیں، چوری روکنے کےلئے پولیس کی خصوصی مہم،۶؍گرفتار
:تقریباً۱۶؍مربع کلومیٹر میں پھیلے آرے کالونی میں ان دنوں ۵۰؍ہزار سے زیادہ افراد ۲۸؍ بستیوں میں رہائش پذیر ہیں۔ان انسانی بستیوں میں گزشتہ کئی دنوں سے تیندوے نے کوہرام مچا رکھا تھا۔ تیندوے کے حملوں میں یہاں کے ۷؍افراد بری طرح زخمی بھی ہوئے تھے لیکن اچھی بات یہ رہی کہ کسی کی جان نہیں گئی۔تیندوے کے بار بار حملے کے سبب مقامی پولیس اور شہری انتظامیہ پر شدید دباؤ پڑا تھا۔اس کے بعد انتظامیہ نے آرے کالونی میں واقع بستیوں تک جانے والی سڑکوںکو روشن کرنے کےلئے اسٹریٹ لائٹ کا نظم کیا تھا۔ ایسی شکایت ملی ہے کہ یہاں لوگ بجلی کے تاروں میں موجود تانبے کیلئے تاروں کو چرا رہے ہیں جس کی وجہ سے بیشتر بستیوں کی جانب جانے والی سڑکوں کی اسٹریٹ لائٹ بندپڑی ہیں اور شام ہوتے ہی علاقے میں اندھیرا چھا جاتا ہے۔
مقامی شخص دھنپت نے بتایا کہ انتظامیہ کی لاپروائی کی وجہ سے ان کی بستی کی طرف جانے والی سڑک پر اسٹریٹ لائٹ نہیں لگائی گئی ہےآج بھی شام ہوتے ہی بچوںکو گھروں میں ایک طرح سے قید کردیا جاتا ہے۔ تیندوے اور جنگلی جانوروں کے ڈر سے لوگ سورج غروب ہونے سے پہلے ہی اپنے گھروں میں پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔
دریں اثنانیشنل پارک کے افسر سنیل لمیے کا کہنا ہے کہ آرے کالونی سمیت دیگر علاقوں میں بجلی پہنچانے کا کام کیا جا رہا ہے وراسٹریٹ لائٹ لگانے کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے۔کافی جگہوں پر اسٹریٹ لائٹ لگائی بھی جا چکی ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ انسانوںپر حملہ کرنے والا تیندوا پکڑ لیا گیا ہے اور لوگوں کو بغیر کسی خوف کے رہنا چاہئے۔
اسٹریٹ لائٹ کی خرابی اور بجلی نہ رہنے کے بارے میں آرے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ لائٹ کےلئے لگائے جانے والے لیمپ پوسٹ تک جو تار لگائے جاتے ہیں اسےچوری کر لیا جاتا ہے۔ہمارے ملازمین بلب لگا دیتے ہیں لیکن چند دنوں بعد چور بلب اور تار چرا لیتے ہیں۔تاروں میں موجود تانبے کو نکال کر چور اسے فروخت کر دیتے ہیں۔چوری کی شکایت ملنے کے بعد پولیس بھی اپنی جانب سے کوشش کر رہی ہے اور چوروں کو گرفتار کرنے کےلئے پیٹرولنگ بھی شروع کی گئی ہے۔آرے پولیس چوروں کو پکڑنے کیلئے مہم بھی چلا رہی ہے اور تقریباً ۶؍چوروں کو پکڑا بھی جا چکا ہے۔ نوبھارت ٹائمز میں چھپی خبر کے مطابق چوروں پر نگاہ رکھنے کےلئے انتظامیہ سی سی ٹی ٹی بھی نصب کر رہا ہے۔اس کے علاوبستیوں میں رہنے والے افراد سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔