EPAPER
Updated: May 14, 2021, 8:25 AM IST | raipure
مودی حکومت کے کورونا کی سنگینی کے وقت بھی سینٹرل وسٹا کے کاموں کو جاری رکھنے کےدرمیان وزیراعلیٰ بھوپیش بگھیل کی ہدایت پر نوا رائے پور میں جاری اہم تعمیراتی کاموں پر پابندی
چھتیس گڑھ حکومت نے کورونا وائرس کے سبب پیدا شدہ حالات کے مد نظر نوا رائے پور میں زیر تعمیر نئے راج بھون، ودھان سبھا بھون، سی ایم ہاؤس، وزراء اور سینئر افسران کی رہائش گاہوں کے تعمیراتی کاموں پر فوراً روک لگا دی ہے۔ مودی حکومت کے کورونا کی سنگینی کے وقت بھی سینٹرل وسٹا کے کاموں کو جاری رکھنے کے درمیان وزیراعلیٰ بھوپیش بگھیل کی ہدایت پر نوا رائے پور میں جاری اہم تعمیراتی کام فوری اثر سے روک دئیے گئے۔ سینٹر وسٹا کے کام کے جاری رہنے پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی کے سوال اٹھائے جانے کے بعد ریاست کے بی جے پی لیڈروں نے ان تعمیراتی کاموں کے جاری رہنے کا حوالہ دیتے ہوئے جوابی حملہ کیا تھا۔ سمجھا جاتا ہے کہ بھوپیش حکومت نے ان کاموں کو روک کر انھیں بڑا جواب دیا ہے۔
فی الحال سرکاری ذرائع نے یہاں بتایا کہ محکمہ تعمیر کے سربراہ انجینئرکی جانب سے نوا رائے پور میں زیر تعمیر نئے راج بھون، نئے سی ایم ہاؤس، وزراء اور سینئر افسران کی رہائش، نئے سرکٹ ہاؤس کے تعمیراتی کام کو فوری طور پر روکنے کے لیے متعلقہ ٹھیکیداروں کو حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ ان کاموں کا ’بھومی پوجن‘ نومبر۲۰۱۹ء میں ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے ساتھ ہی سیکٹر۱۹؍ جدید ودھان سبھا بھون کی تعمیر کیلئے۲۴۵؍کروڑ۱۶؍ لاکھ اور۱۱۸؍کروڑ کے کاموں کے پہلے جاری کردہ ٹینڈرس کو فوری طور پر مسترد کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مدھیہ پردیش کو منقسم کرکے نومبر۲۰۰۰ءمیں وجود میں آئے چھتیس گڑھ میں راج بھون، سی ایم ہاؤس، وزراء کی رہائش، پرانے اسمبلی ہاؤس کو تبدیل کرکے بنایا گیا تھا۔ نوا رائے پور میں دار الحکومت کی تعمیر کے بعد ان بلڈنگوں کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔ رائے پور سے نوا رائے پور کی دوری تقریباً۳۰؍ کلو میٹر ہے۔