EPAPER
Updated: August 04, 2021, 8:55 AM IST | saeed ahmed khan | Mumbai
والدین اور کانگریسی کارکنان نے دھرنا دیا ۔ شیٹھ ایم اے اسکول کی ہیڈ مسٹریس اور انتظامیہ کے خلاف ڈی سی پی اور سینئر پولیس انسپکٹر سے تحریری شکایت
یہاں تقریباً ۸۰؍ سال سے جاری شیٹھ ایم اے انگلش ہائی اسکول اندھیری (مغرب) میں طلبہ کا داخلہ بی ایم سی ایجوکیشن محکمے کی ہدایت کے باوجود شروع نہیں کیا گیا ہے۔حالانکہ۷۷؍ طلبہ کے والدین کی جانب سے مقامی کارپوریٹر مہر محسن حیدر کے توسط سے بی ایم سی ایجوکیشن محکمے کو ان کی درخواستیں ۲۷؍ جولائی کو ہی بھجوائی گئی تھیں اور سفارش کی گئی تھی کہ ان طلبہ کو داخلہ دیا جائے۔ اس پر بی ایم سی ایجوکیشن آفیسر نے شیٹھ ایم اے اسکول انتظامیہ کو ہدایت دی کہ طلبہ کو فوراً داخلہ دیا جائے اور اس کی رپورٹ ایک ہفتے میں ڈپارٹمنٹ کو دی جائے لیکن والدین ، مقامی کارپوریٹر اور کانگریس کے کارکنان کا الزام ہے کہ ایک ہفتہ گزرجانے کے باوجود داخلہ شروع نہیں کیا گیا ہے۔ اسی سے ناراض ہوکر احتجاج کیا جارہا ہے۔یاد رہے کہ فی الوقت اس انگلش میڈیم اسکول کا نظام شری ولے پارلے کیلوانی منڈل کے زیر انتظام ہے اور اس ٹرسٹ پر الزام عائد کیا جارہا ہے کہ وہ اسے بند کرنے کی سازش رچ رہا ہے ۔
منگل کو بھی ناراض والدین نے کانگریس کے کارکنان کے ہمراہ احتجاج کیا اور اسکول انتظامیہ کے خلاف ہائے ہائے کے نعرے لگائے۔ سابق رکن پارلیمنٹ سنجے نروپم بھی مظاہرین میں شامل تھے۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ پر سخت تنقید کی اور کہا کہ طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کیا جارہا ہے لیکن کسی قیمت پر یہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اسکول انتظامیہ کیلئے بہتر یہی ہوگا کہ جلد ازجلد پہلی جماعت اور دیگر جماعتوں میں داخلہ شروع کیا جائے۔ ممبئی کانگریس کے نائب صدر محسن حیدر نے کہا کہ غریب مائیں گھروں میں برتن مانجھ کر بچوں کو پڑھارہی ہیں لیکن اب اسکول انتظامیہ ہٹ دھرمی کرتے ہوئے والدین کو دھمکاکر داخلہ لینے سے انکار کررہا ہے۔ انہوں نے فیس کی ادائیگی کیلئے کہا کہ عدالت کی واضح ہدایت ہے کہ فیس نہ بھرنے کے سبب کسی طالب علم کا تعلیمی سلسلہ بند نہیں کیا جاسکتا۔ اس لئے اسکول انتظامیہ ہٹ دھرمی چھوڑے اور بلا تاخیر داخلہ شر وع کرے ورنہ ہم سب بھی یہ تہیہ کئے ہوئے ہیں کسی صورت اسکول بند نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کے خلاف ڈی سی پی اور سینئر انسپکٹر سے تحریری شکایت کی گئی ہے کہ وہ ہیڈ مسٹریس ، مینجمنٹ اور اسکول انتظامیہ کے خلاف ایکشن لے۔
پہلے اس تعلق سے منڈل کے سربراہ اور بی جے پی ایم ایل سی امریش بھائی پٹیل سے انقلاب کے رابطہ قائم کرنے پر ان کا جواب تھا کہ اسکول بند کئے جانے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ایسی باتیں گمراہ کن ہیں۔