EPAPER
Updated: November 27, 2021, 11:04 AM IST | Agency | Mumbai
مہاوکاس اگھاڑی کےگورو وانی اور دیگر۳؍ امیدواروں کے نام واپس لینے سے بی جے پی امیدوارکو فائدہ
جمعہ کو دھولیہ نندوربار ودھان پریشدکے انتخابی میدان سے نام واپس لینے کے دن مہاوکاس اگھاڑی کے امیدوار گورو وانی کے ہمراہ۳؍ دیگرامیدواروں نے انتخاب سے نام واپس لے لیا۔ انتخابی میدان میں بی جے پی کے امیدوارسابق وزیر تعلیم امریش پٹیل تنہا باقی رہ گئے ہیں۔مد مقابل سبھی امیدواروںکے نامزدگی پرچہ واپس لینے سے امریش پٹیل بلا مقابلہ انتخاب جیت گئے ہیں جبکہ قانونی طور سے اعلان باقی ہے۔ ریاست کے دیگر ودھان پریشد کے ہمراہ دھولیہ نندوربار ودھان پریشد کے لئے انتخاب ۱۰؍دسمبر کو انتخاب ہونے والا تھا۔مذکورہ ودھان پریشد کیلئے شیرپور کے بی جے پی سے سابق وزیر تعلیم امریش پٹیل، نندوربار ضلع کے تلودہ بلدیہ کے سابق نائب صدر بلدیہ و کونسلر مہاوکاس اگھاڑی کے امیدوار گورو وانی، کانگریس کے شیام سنیر، امریش پٹیل کے چھوٹے بھائی بھوپیش پٹیل، نندوربار کے دیپک دگھے انتخابی میدان میں قسمت آزمائی کے لئے اترے تھے۔جمعہ کو انتخابی میدان سے نام واپس لینے کی آخری تاریخ تھی۔دوپہر ۲؍بجےکے قریب ۳؍امیدواروں نےپرچہ واپس لے لیا۔بی جے پی کے امریش پٹیل اور مہاوکاس اگھاڑی کے گورو وانی انتخابی میدان میں باقی رہ گئےتھے۔انتخاب سے نام واپس لینے کا وقت جمعہ کو دوپہر ۳؍بجے تک کا تھا۔انتخابی میدان میں بی جے پی اورمہاوکاس اگھاڑی کے امیدوار باقی رہ جانے سے انتخاب مزےدار ہونے کی امید ظاہر کی جارہی تھی کہ ٹھیک ڈھائی بجے مہاوکاس اگھاڑی کے امیدوار گورو وانی نےبھی انتخاب سے پرچہ واپس لے لیا۔جس کی وجہ سے انتخاب میں مضبوط مانےجانے والے بی جے پی کے امیدوار امریش پٹیل بلا مقابلہ انتخاب جیت گئے ہیں۔