EPAPER
Updated: January 12, 2022, 12:04 PM IST | Agency | New Delhi
یکم جنوری کو ۱۰؍ ویں قسط اُن کسانوں کے بینک کھاتوں میں بھی منتقل کردی گئی جو اہل نہیں تھے، الیکشن بعد واپس لی جائےگی
یکم جنوری کو پردھان منتری سمان ندھی کی دسویں قسط کی منتقلی میں ہونے والی غیر معمولی غلطی کی وجہ سے زائد از ۷؍ لاکھ کسانوں کو یہ رقم لوٹانی پڑسکتی ہے۔ مصدقہ ذرائع سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق رقم منتقل کرتے وقت ۷؍ لاکھ سے زائد ایسے کسانوں کے کھاتے میں بھی ۱۰؍ ویں قسط منتقل کردی گئی جو اس کے اہل نہیں تھے۔ اس غلطی کا انکشاف ہونے کے بعد اب حکومت مذکورہ کسانوں سے رقم واپس لینے کے امکانات پر غور کررہی ہے۔ چونکہ ۵؍ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کا اعلان ہوگیاہے اس لئے رقم کی واپسی کیلئے کارروائی الیکشن بعد بھی شروع ہوگی۔ واضح رہے کہ کسان سمان ندھی کے طور پر ہر سال حکومت ۲؍ ہزار روپے کی ۳؍ قسطوں میں کسانوں کو ۶؍ ہزار روپے ماہانہ نقد رقم فراہم کرتی ہے۔ یہ رقم براہ راست اہل کسانوں کے کھاتوں میں منتقل کر دی جاتی ہے۔ یکم جنوری کو جن کسانوں کو ۱۰؍ ویں قسط ملی ہے مگر وہ اس کے اہل نہیں ہیں،انہیں یہ رقم لوٹانی پڑ سکتی ہے۔ ہندوستان ٹائمزنے حکومت کے اعلیٰ حکام کے حوالے سے دی گئی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایسے کسانوں کے پاس رقم کی واپسی کا وقت ہے۔ افسران کے مطابق’’ایسے کسانوں کے پاس رقم لوٹانے کیلئے اسمبلی الیکشن کے مکمل ہونے تک کا وقت ہے۔اس کے بعد انہیں رقم کی واپسی کیلئے نوٹس ملنی شروع ہوجائے گی۔‘‘ اگر کسانوں نے اپنی مرضی سے رقم واپس نہیں کی تو ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی ہوسکتی ہے۔