EPAPER
Updated: January 26, 2022, 9:02 AM IST | nagpure
مہاراشٹر کے وردھا ضلع میں پیر کی رات دیر گئے ایک خوفناک حادثے میں میڈیکل کے ۷؍ طلبہ کی موت ہو گئی۔
مہاراشٹر کے وردھا ضلع میں پیر کی رات دیر گئے ایک خوفناک حادثے میں میڈیکل کے ۷؍ طلبہ کی موت ہو گئی۔ مرنے والوں میں بی جے پی ایم ایل اے وجے رہانگ دالے کا بیٹا اوشکار رہانگ دالے بھی شامل ہے۔ یہ حادثہ سیلسورہ کے قریب ایک پل پر پیش آیا۔ ساتوں طلبہ ایک کار میں سوار تھے اور ایک ڈھابے میں ایک دوست کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ پارٹی سے واپس آرہے تھے۔ جیسے ہی یہ کار پل پر آئی، وہ بے قابو ہو کر پل کا ایک حصہ توڑتی ہوئی۴۰؍ فٹ گہری ندی میں جا گری۔ اس کار کے پر خچے اُڑ گئے۔وردھا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ پرشانت ہولکر نے بتایا کہ حادثہ پیر کی رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے اُس وقت پیش آیا جب طلبہ کی یہ گاڑی سیلسورہ کے قریب پل پر سے گزر رہی تھی اور اچانک ان کی گاڑی کے سامنے ایک جنگلی جانور آ گیا۔اس کی وجہ سے ڈرائیور گاڑی پر سے کنٹرول کھو بیٹھا ، نتیجتاً کار بے قابو ہو گئی اور گہری ندی میں گر گئی۔
پرشانت ہولکر نے بتایا کہ کار کافی بلندی سے گری تھی، جس کی وجہ سے ساتوں طلبہ کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ مرنے والوں کی شناخت نیرج چوہان، نتیش سنگھ، وویک نندن، پرتیوش سنگھ، شبھم جیسوال، پون شکتی اور تروڑا کے ایم ایل اے وجے رہانگ دالے کے بیٹے اوشکار رہانگ دالے کے طور پر کی گئی ہے۔تمام مہلوکین ساؤنگی میڈیکل کالج کے ایم بی بی ایس کے اسٹوڈٹنس تھے۔ ان میں سے ایک انٹرن تھا جبکہ دو طالب علم سیکنڈ ایئر اور دو فائنل ایئر کے طالب علم تھے۔ ان میں سے ۶؍ کا تعلق دیگر ریاستوں سے تھا۔مرکزی حکومت نے متاثرین کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔حادثے میں ہلاک ہونے والے تمام طلبہ ہاسٹل میں مقیم تھے۔ رات ۱۰؍ بجے ہاسٹل میں حاضری لی جاتی ہے۔ جب وہ اپنے ہاسٹل میں نہیں ملے تو وارڈن نے گھر والوں کو فون پر اطلاع دی۔ خاندان کے ایک فرد نے وارڈن کو بتایا کہ وہ سالگرہ کی تقریب میں گئے تھے۔ طلبہ کے رات گئے تک ہاسٹل نہ آنے سے ان کے سینئرساتھی بھی پریشان تھے۔ بالآخر منگل کی صبح طلبہ کو ان کی اچانک موت کی خبر ملی۔