EPAPER
Updated: February 03, 2022, 1:15 PM IST | Odhani Desk | Mumbai
ایک دور تھا جب سردی کا موسم آتے ہی خواتین سوئٹر بُننے لگتی تھیں مگر ٹیکنالوجی کے اس دور میں یہ فنون اپنی پہچان کھوتے جا رہے ہیں۔ آپ جانتی ہیں کہ یہ آپ کی آمدنی کا ذریعہ بننے کے ساتھ ساتھ آپ کے ذہنی تناؤ کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ کورونا کے دوران بہت سی خواتین نے یہ مشغلہ اپنایا
ایک وقت تھا جب سردی کا موسم آتے ہی خواتین سوئٹر بننے لگتی تھیں۔ دوپہر کے وقت دھوپ سینکتے ہوئے وہ بنائی، کڑھائی یا سلائی وغیرہ کرتی رہتیں اور ایک دوسرے سے نت نئی ڈیزائن سیکھتی تھیں۔ اب اسے لوگوں کی مصروفیت کہیں یا پھر بازار میں مشین سے بنے سوئٹر، کپڑوں اور لوازمات کی بہار.... ٹیکنالوجی کے اس دور میں یہ فنون اپنی پہچان کھوتے جا رہے ہیں مگر اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ ہاتھ سے بنے کپڑے اور سوئٹر صرف ٹھنڈ ہی دور نہیں کرتے بلکہ ان کے ساتھ جذبات کی آمیزش بھی ہوتی ہے۔ اس لئے ان کی اہمیت کبھی کم نہیں ہوسکتی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ گھر سے سامان بنانا اور انہیں فروخت کرکے رقم کمانا ایک بہترین طریقہ ہے۔ گھر بیٹھے آپ اپنے کسی شوق، ہنر یا جنون کو بھی کاروبار میں بدل سکتی ہیں۔ سلائی کڑھائی اور بنائی اسی طرز کا ہنر ہے جو کورونا بحران کے دوران گھر بیٹھے کمائی کا اچھا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ اس وقت یوں بھی لوگوں کی ملازمت چھوٹ رہی ہیں۔ ایسے میں بنائی، سلائی اور کڑھائی کچھ ایسے کاروبار ہیں جنہیں آپ کسی بھی عمر میں شروع کرسکتی ہیں۔ ان کیلئے بہت زیادہ پونجی کی بھی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔ اگر آپ کے پاس ہنر ہے تو تھوڑی سی پونجی لگا کر بھی آپ بہت آسانی سے اس کاروبار کو شروع کرکے اسے بلندی تک پہنچا سکتی ہیں۔ آپ چھوٹے سے گاؤں میں ہوں یا بڑے شہر میں، آپ کے ہاتھ میں ہنر ہے تو ان کاروبار کو فروغ دینے اور کامیاب ہونے سے کوئی روک نہیں سکتا۔ آپ ان کاروبار سے نہ صرف اپنا روزگار شروع کرسکتی ہیں بلکہ ۱۰؍ خواتین کو روزگار بھی دے سکتی ہیں۔ آپ گھر بیٹھے بچوں اور بڑوں کے کپڑے سل سکتی ہیں۔ نت نئی ڈیزائن والے خوبصورت سوئٹر بنا سکتی ہیں۔ ویسے بھی کورونا بحران کے دوران باہر سے جتنی کم اشیاء خریدی جائے اتنا اچھا ہے۔ آپ گھر میں بنے سوئٹر بچّوں کو پہنائیں گی تو کم سے کم ایک اطمینان ہوگا کہ انہیں محفوظ چیز پہنا رہی ہیں۔ ہاتھ سے بنے ہونے کی وجہ سے ان میں الگ کشش ہوتی ہے۔ کورونا بحران کے دوران کئی خواتین نے اس ہنر کو کاروبار کی شکل بھی دی ہے اور انہوں نے اس میں جدت پیدا کرنے کی بھی کوشش کی ہے۔ آپ بھی اس میں نت نئی ڈیزائن متعارف کروا کے اس کاروبار کو اونچائی تک پہنچا سکتی ہیں۔ اون سے فیشن ایبل جیکٹ، اسٹول، اسکارف اور ٹوپی کافی مقبول ہو رہے ہیں۔ اگر آپ سلائی مشین چلانے میں ماہر ہیں اور آپ میں فیشن کی سمجھ بھی ہے تو آپ ایک فیشن ڈیزائنر بن کر بھی کما سکتی ہیں۔ بچّوں کے کپڑوں کی ہمیشہ زیادہ مانگ ہوتی ہے۔ آپ آسانی سے گھر پر بچّوں کے خوبصورت لباس تیار کرسکتی ہیں۔ آج کل اس طرح کے کام سوشل میڈیا کے ذریعے تیزی سے پروان چڑھ رہے ہیں۔ اسی طرح مختلف اقسام کے کپڑوں جیسے ٹیبل کلاتھ، بیڈ شیٹ، لباس وغیرہ پر کڑھائی کرکے آپ انہیں خوبصورت انداز دے سکتی ہیں۔ بنائی اور کڑھائی کا ہنر آپ کو کئی طرح کی جسمانی و ذہنی پریشانیوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ بنائی یا کڑھائی جیسے کام ذہن کو سکون پہنچانے کا کام کرتے ہیں۔ اس سے ہاتھوں اور آنکھوں کی ورزش بھی ہوتی ہے۔ بنائی اور کڑھائی کرنے سے انگلیاں اور ہاتھ متحرک رہتے ہیں اور گٹھیا جیسی بیماریاں آپ سے دور رہتی ہیں۔ بنائی اور سلائی وغیرہ کرنے سے دماغ بھی تیز ہوتا ہے کیونکہ ایسا کرتے وقت دونوں ہاتھوں کے ساتھ ساتھ دماغ کے دونوں حصے ایک ساتھ کام کرتے ہیں جس سے ارتکاز بڑھتا ہے۔ آپ کو تخلیقی اطمینان بھی ملتا ہے۔ کورونا بحران کے دوران اور اس کے بعد بھی دماغ سے ہر قسم کے تناؤ کم کرنے کے لئے بنائی، سلائی اور کڑھائی وغیرہ ایک بہترین مشغلہ ہے۔ حال ہی میں ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بنائی سے تناؤ کی سطح کم اور دل کی رفتار بہتر ہوتی ہے۔ یہ سروے ۲۳۷۹؍ مریضوں پر کیا گیا تھا۔ تناؤ کم کرنے کے لئے ۲۰؍ مشغلوں کو اس میں شامل کیا گیا تھا۔ اس میں پیدل چلنا اور کھانا پکانا بھی شامل کیا گیا تھا۔ ٹیم نے سروے میں شامل ہونے والے لوگوں کو فٹنس بینڈ پہننے کے لئے کہا تاکہ دل کی دھڑکن کی کم ترین شرح والے مشاغل کی پیمائش کی جا سکے۔ سروے میں یہ بات سامنے آئی کہ بنائی میں شامل لوگوں کی دل کی دھڑکن کی رفتار دیگر مشغلے پر کام کرنیوالے افراد کی بہ نسبت ۱۹؍ فیصد کم تھی۔ اگرچہ یہ لوگوں کی ذاتی پسند اور نقطہ نظر پر منحصر ہے۔ کچھ لوگوں کو پینٹنگ یا ڈرائنگ سے راحت ملتی ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ فن کوئی بھی ہو، یہ آپ کو پرسکون رکھتا ہے۔ کورونا کا دور بہت مشکل رہا ہے اور اس وقت بُنائی، سلائی یا کڑھائی جیسے کام آپ کے تناؤ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ مختصراً یہ کہ آپ بنائی، سلائی اور کڑھائی جیسے مشغلے کو کاروبار کی شکل دے کر آمدنی کرسکتی ہیں، ساتھ ہی یہ آپ کی صحت کیلئے بھی مفید ہے۔