Inquilab Logo Happiest Places to Work

اپنے بچّوں کو علم کی اہمیت اور فوائد سے آگاہ کریں

Updated: February 08, 2022, 1:18 PM IST | Rehana Qadri | Juhu Scheme, Mumbai

والدین کو چاہئے کہ وہ خود بھی علم حاصل کریں، تعلیم یافتہ بنیں اور اپنے بچّوں کو بھی علم کی دولت سے سرفراز کریں تاکہ ان کے بچے بھی علم حاصل کرکے معاشرے میں ایک اچھا شہری بن کر اپنا نام روشن کرسکیں۔ اپنے گھر میں ایسا ماحول قائم کریں جس سے بچّے بآسانی علم حاصل کرسکیں

It is the parents` responsibility to make their children aware of the importance of knowledge.Picture:INN
کم عمری سے بچّوں کو علم کی اہمیت سے واقف کروانا والدین کی اہم ذمہ داری ہے۔ تصویر: آئی این این

 اللہ تعالیٰ نے اس کائنات میں اپنی مخلوقات کو پیدا کیا اور انسان کو بلند مرتبہ عطا کیا اور علم ہی کی بدولت انسان کو اشرف المخلوقات کا لقب عطا ہوا۔ ہمارے پیارے نبی حضرت محمدؐ کا ارشاد ہے کہ: علم حاصل کرو خواہ اس کیلئے چین ہی کیوں نہ جانا پڑے۔ گہوارے سے لے کر لحد تک علم حاصل کرو۔  علم ایک ایسی دولت ہے جسے کوئی ڈاکو لوٹ نہیں سکتا۔ کوئی چور چرا نہیں سکتا۔ جب انسان کے پاس بے شمار دولت ہوتی ہے تو وہ ہمیشہ گھبرایا ہوا، ڈرا ہوا رہتا ہے اِسے اپنی دولت کھو جانے کا ڈر ہوتا ہے لیکن علم ایک ایسی دولت ہے جسے کھونے کا ڈر نہیں ہوتا ہے۔ وہ ہمیشہ سایہ کی طرح ساتھ رہتی ہے، دُنیا کی ہر چیز فانی ہے، ہر کمال کو زوال ہے، ہر آباد کو برباد ہونا ہے۔ دن کے بعد رات ہے، روشنی کے بعد اندھیرا ہے، امیری کے ساتھ غریبی ہے، بیماری کے بعد تندرستی ہے غرضیکہ دُنیا کی ہر چیز ختم ہو جاتی ہے لیکن علم ایک ایسی نعمت ہے جو کبھی فنا نہیں ہوتی ہے اِسے جتنا بھی خرچ کریں وہ اتنی ہی بڑھتی جاتی ہے۔  علم ایک ایسا نور ہے جو جہالت کے اندھیرے کو دور کرتا ہے، ایسی روشنی ہے جو ہمیں گناہوں کے اندھیرے سے بچاتی ہے، اپنے نور سے روشنی بکھیرتی ہے۔ علم ایک ایسا زیور ہے جسے انسان بلا خوف و خطر اپنے آپ کو آراستہ کرسکتا ہے جس کی چمک کبھی ماند نہیں پڑتی ہے۔ اِس زیور سے آراستہ انسان معاشرے میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ علم ایک ایسی نیکی ہے جو ہمیشہ کے لئے انسان کا نام قائم رکھتی ہے۔ علم کے ذریعے ہمارے دل و دماغ کی تعمیر ہوتی ہے، ہمارے شعور کی آگاہی ہوتی ہے، روح کی بالیدگی ہوتی ہے۔ دُنیا کے کسی کونے میں جائیں ہمیں ہر جگہ آسانیاں فراہم ہوتی ہیں۔ علم ایک دوست کی مانند ہے یہ اچھے دوست کی طرح ہم سے وفا کرتی ہے۔ یہ ایسا ہتھیار ہے جو ہمیشہ ہمارا تحفظ کرتا ہے، جن کے پاس علم ہوتا ہے سب اُس کی عزت کرتے ہیں، احترام کرتے ہیں۔ علم انسان کو عقل و شعور، انکساری، عاجزی اور تمیز سکھاتا ہے۔ علم سے انسان مشکلات اور خطرات کا مقابلہ کرتا ہے اور دوسروں کا محتاج نہیں ہوتا ہے۔ تعلیم یافتہ انسان اپنے علم کے ذریعے اندھیرے میں بھی راستہ تلاش کر لیتا ہے۔ علم ہماری شخصیت کو پُروقار بناتی ہے، ہم سے ہماری پہچان کرواتی ہے، لوگوں سے کیسا برتاؤ کرنا چاہئے وہ ہمیں سکھاتی ہے۔ ہمارے اندر بھروسہ اور اعتماد پیدا کرتی ہے۔ ہمارے اندر طاقت اور ہمت پیدا کرتی ہے۔ زندگی میں ہمیں ہر حال میں جینے کے موقع فراہم کرتی ہے۔ علم کے بغیر ہم کسی میدان میں کامیاب نہیں ہوسکتے، علم ہمارا تابناک مستقبل ہے ہماری زندگی کے ہر مسائل کو حل کرنے کی مہارت رکھتی ہے۔ یہ ہمیں آزادی دیتی ہے، ایک اچھا شہری بننے میں ہماری مدد کرتی ہے۔ ترقی کا دارومدار علم پر ہی ہوتا ہے۔ علم کے ذریعے ہی انسان معاشرے کو بخوبی سمجھتا ہے اور ایک اچھا شہری بن کر معاشرہ میں اپنا اعلیٰ مقام بناتا ہے۔  جنہوں نے علم حاصل کیا آج بھی وہ زندہ و جاوِید ہیں۔ ارسطو، بقراط، غزالی، علامہ اقبال، نپولین کے نام علم کی وجہ سے ہی زندہ و جاوِید ہیں۔ علم کی وجہ سے ہی ہم آج ساری سہولتوں سے مالا مال ہیں۔ یہ علم ہی کا فیض ہے کہ آج انسان چاند پر قدم رکھ چکا ہے۔ اگر ہمیں ترقی کرنا ہے تو ہمیں علم حاصل کرنا ہوگا۔ علم کے ذریعے ہمیں نہ صرف اپنا مستقبل سنوارنا ہے بلکہ اپنے خاندان اور ملک و قوم کو بھی سنوارنا ہے۔ علم خزانے کی کنجی ہے۔ جہاں تک ہوسکے علم کو پھیلانا چاہئے تاکہ انسان کے مرنے کے بعد بھی دُنیا کیلئے علم صدقۂ جاریہ بن سکے۔  علم کی شان ہے کہ انسان مرنے کے بعد بھی زندہ رہتا ہے اور بے علم تو ضیا کو بھی پہچان نہیں سکتا۔ انسان نے علم کی بدولت اپنے لئے آسائش اور آرائش کے سیکڑوں سامان پیدا کئے۔ علم ہی سے انسان دوسرے انسان پر سبقت و فوقیت حاصل کرسکتا ہے۔ علم انسان کو باعزت، سرفراز، باوقار اور عظیم انسان بناتا ہے۔ جس کے پاس علم ہے وہ سب سے بڑا دولتمند ہے۔ علم انسان کی ترقی کا زینہ ہے۔ ہمیں چاہئے کہ ہم زیادہ سے زیادہ علم حاصل کریں اور علم پھیلانے کی کوشش کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ علم کی دولت حاصل کرسکیں۔  والدین کو چاہئے کہ وہ خود بھی علم حاصل کریں، تعلیم یافتہ بنیں اور اپنے بچّوں کو بھی علم کی اہمیت اور فوائد سے آگاہ کریں اور انہیں بھی تعلیم یافتہ بنائیں۔ علم کی دولت سے سرفراز کریں تاکہ ان کے بچے بھی علم حاصل کرکے معاشرے میں ایک اچھا شہری بن کر اپنا نام روشن کرسکیں۔ اپنے گھر میں ایسا ماحول قائم کریں جس سے بچّے بآسانی علم حاصل کرسکیں۔ کم عمری سے بچّوں کو علم کی اہمیت سے واقف کروانا والدین کی اہم ذمہ داری ہے۔  علم کی شمع سے ہمیشہ اپنے آپ کو ضیا بخشیں اور علم کے نور سے اپنے آپ کو سدا منور کرتے رہیں کیونکہ.... علم کی شمع کبھی بجھتی نہیں تا زندگی وہ جلتی رہتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK