Inquilab Logo Happiest Places to Work

یش اوررشید کی شاندار بلے بازی،ہندوستان فائنل میں داخل

Updated: February 04, 2022, 1:11 PM IST | Agency | Kulej

انڈر۔۱۹؍ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں کپتان اور نائب کپتان کے درمیان۲۰۴؍رنوں کی پارٹنرشپ، ٹیم انڈیا نے آسٹریلیا کو۹۶؍رنوں سے شکست دی،فائنل میں انگلینڈ سے مقابلہ

Indian team performs all-round performance against Australia and makes it to the final of the Under- 19 World Cup.Picture:INN
ہندوستانی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈر۔۱۹؍عالمی کپ کے فائنل میں جگہ بنائی۔۔ تصویر: آئی این این

 کپتان یش دُھل (۱۱۰) کی شاندار سنچری اور ان کے ڈپٹی شیخ رشید (۹۴) کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے ۲۰۴؍رنوں کی ڈبل سنچری پارٹنرشپ اور گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے آسٹریلیا کو شکست دے دی۔ بدھ کی دیر رات کھیلے جانے والے انڈر۔ ۱۹؍ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو  ۹۶؍رنوں کی عبرتناک شکست کے بعد ہندوستان مسلسل چوتھی بار فائنل میں داخل ہوا جہاں ان کا خطابی مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔ ہندوستان نے مقررہ  ۵۰؍ اووروں میں ۵؍ وکٹ پر ۲۹۰؍کا  ہمالیائی  اسکور بنانے کے بعد آسٹریلیا کو ۴۱ء۵؍اوور میں ۱۹۴؍رن پر سمیٹ دیا۔ یش دھول کو ان کی سنچری پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی یہ مسلسل پانچویں جیت ہے اور وہ ناقابل شکست ہے۔  سنیچر کو فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔ ٹاس جیت کر  بلے بازی کا فیصلہ کرتے ہوئے ہندوستان نے ۳۷؍رنوں پر اپنی ۲؍ وکٹیں گنوا دیں لیکن یش اور رشید نے تیسری وکٹ کے لئے زبردست شراکت داری کی۔ یش نے ۱۱۰؍ گیندوں میں ۱۰؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۱۱۰؍رن بنائے جبکہ رشید نے ۱۰۸؍گیندوں میں ۸؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۹۴؍رن بنائے۔   ہندوستان  نے آخری ۱۰؍ اووروں میں ۱۰۸؍ رن بنائے جس میں آخری اوور میں ۲۷؍رن بھی شامل تھے۔ دنیش بانا نے صرف ۴؍ گیندوں پر ۲؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست ۲۰؍رن بنائے۔ نشانت سندھو نے ۱۰؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۱۲؍ رن بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جیک نسبیٹ اور ولیم سولزمین نے ۲۔۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ بلے بازوں کے بعد  ہندوستانی اسپنرز نے  بھی کمال کر دیا۔ انگکرش رگھونشی نے کیمبل کیلوے (۳۰) اور کوری ملر (۳۸) کے درمیان دوسری وکٹ کے لئے ۶۸؍رنوں کی شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد وکی اوستوال اور نشانت سندھو نے اپنا جادو  شروع کردیا۔ اسپنروں نے آسٹریلیائی بلے بازوں کو باندھے رکھا اور ایک موقع پر  ایک وکٹ پر ۷۱؍رن بنا چکی   آسٹریلوی ٹیم کا اسکور کو ۷؍  وکٹوں پر ۱۲۵؍رن تک محدود کر دیا۔ اس کے بعد یہ محض ایک رسمی بات تھی۔ یہ لگاتار تیسرا موقع ہے جب ہندوستان نے آسٹریلیا کو انڈر ۔۱۹؍ ورلڈ کپ سے باہر کیا ہے۔ تاہم ہندوستان کی شروعات اچھی نہیں تھی۔ دونوں اِن فارم اوپنر رگھوونشی (۶) اور ہرنور سنگھ (۱۶) ۱۳؍ویں اوور میں ہی ۳۷؍کے اسکور تک پویلین میں تھے لیکن اس کے بعد دُھل اور رشید  نے اپنا کمال دکھانا شروع کر دیا۔شروع میں  انہوں نے آہستہ آہستہ اننگز کو آگے بڑھایا۔ ۱۳؍ اور ۲۸؍ اوورکے درمیان دونوں نے صرف ۳؍ چوکے لگائے اور اس بات کو یقینی بنایا کہ ہندوستان کے پاس آخری اوور کے لئے کافی وکٹیں رہیں۔ تاہم اس دوران وہ سنگل ڈبل لیتے رہے اور اننگز کو ۱۰۰؍سے آگے لے گئے۔یش دھل نے ۲۹؍ویں اوور سے حملہ کرنا شروع کیا۔ انہوں نے ۳۱؍ویں اوور میں پل شاٹ پر چوکا لگا کر ۶۴؍گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ٹیم انڈیا کا اسکور ۳۶؍ویں اوور تک ۱۵۰؍رن تھا۔ اس کے ساتھ ہی  شیخ رشید  بھی  اب آہستہ آہستہ اننگز کو آگے بڑھا رہے تھے۔ انہوں نے ۷۸؍گیندوں پر اپنی ہاف سنچری مکمل کی۔نصف سنچری بنانے کے بعد رشید ایک مختلف کھلاڑی نظر آئے۔ انہوں نے ایک ہی اوور میں ۲؍ چوکے لگا کر اس بات کا اشارہ دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK