Inquilab Logo Happiest Places to Work

اقربا پروری کے الزام سے بچنےکیلئےعامر خان سے مدد نہیں مانگی:فیصل خان

Updated: September 04, 2021, 2:29 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے بھائی اداکار فیصل خان نے کہا ہے کہ انہوں نے کریئر میں آگے بڑھنے کیلئےکبھی اپنے بھائی سے مدد کی درخواست نہیں کی۔

Aamir Khan with his brother Faisal Khan. Photo: INN.Picture:INN
عامر خان اپنے بھائی فیصل خان کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این

\ بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے بھائی اداکار فیصل خان نے کہا ہے کہ انہوں نے کریئر میں آگے بڑھنے کیلئےکبھی اپنے بھائی سے مدد کی درخواست نہیں کی۔عامر خان کا شمار فلم انڈسٹری کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے جو گزشہ ۳؍دہائیوں سے بالی ووڈ پر راج کررہے ہیں۔بڑھتی عمر نے ان کےکریئر کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا بلکہ آج بھی وہ فلمسازوں کی پہلی پسندہیں۔تاہم ان کے بھائی اداکار فیصل خان بالی ووڈ میں اپنے بھائی جیسا مقام حاصل نہ کرسکے بلکہ ان کا شمار فلم انڈسٹری کے ناکام اداکاروں میں کیا جاتا ہے۔ تقریباً ایک دہائی تک بالی ووڈ کی چکاچوند سے دور رہنے والے اداکار فیصل خان فلم ’فیکٹری‘ کے ذریعے دوبارہ فلموں کا رخ کررہے ہیں۔ وہ نہ صرف اداکاری کریں گے بلکہ اس فلم کے ذریعے وہ بالی ووڈ میں بطور ہدایت کاراپنےکریئرکا آغاز کرنے بھی جارہے ہیں۔
 حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران فیصل خان نےاپنی نجی زندگی اورکریئر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی اپنے بھائی عامر خان سے مدد کے لیے نہیں کہا کیونکہ وہ اپنا سفر خود طے کرنا چاہتےتھے۔ انٹرویو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے کبھی کریئر میں آگے بڑھنے کے لیے عامر خان سے مدد طلب کی؟اس سوال  کے جواب میں فیصل خان نے کہا نہیں میں نے اپنےکریئر کو آگے بڑھانے کے لیے کبھی عامر خان سے نہیں کہا۔ میں خود کام کرنا چاہتا تھا کیونکہ جو بھی، کامیابی یا ناکامی ہے یہ میری ہے۔ عامر خان میرا بھائی ہے وہ میرے لیے نیک خواہشات رکھتا ہے۔ مجھےاپنی زندگی میں ایک تاریک دور سے گزرنا پڑا لیکن یہ میری زندگی کا حصہ ہے اور یہی میری زندگی ہے۔
 فیصل خان نے مزید کہا یہ مضحکہ خیز نہیں ہے کہ جب کوئی انسان زندگی میں کچھ بننے کے لیے جدوجہد کرتا ہے اور اپنے کامیاب بہن بھائیوں کی طرح زیادہ کامیابی حاصل نہیں کرپاتا تو اس سے کہا جاتا ہے کہ آپ اپنے بہن بھائیوں سے مدد طلب کیوں نہیں کرتے؟ اور جب وہ مدد طلب کرتا ہے اور کامیاب ہوجاتا ہے تو اسے نیپوٹزم (اقربا پروری) کہاجاتا ہے۔
 اداکار فیصل خان نے کہا میں نے مشکل زندگی گزاری لیکن اب میں دوبارہ اداکاری اور ہدایت کاری کے میدان میں آناچاہتاہوں۔فیصل خان نے اپنی فلم ’فیکٹری‘کو او ٹی ٹی کے بجائےسینما ہال میں ریلیز کرنے کے فیصلے کے بارے میں بتایا کہ یہ ایک چھوٹے بجٹ کی فلم ہے جس میں کوئی مقبول چہرہ  شامل نہیں ہے، لہٰذا میرے پروڈیوسر نے فیصلہ کیا کہ اسے سینما ہال میں ریلیز کیا جانا چاہئے۔واضح رہے کہ اداکار فیصل خان کی فلم ’فیکٹری‘۳؍ستمبر کو ریلیز کی گئی ہے۔فلم میں ان کے علاوہ رولی ریان، راج کمار کنوجیا اور ریبھو مہرا شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK