EPAPER
Updated: December 11, 2021, 11:35 AM IST | Agency | Mumbai
ہندی فلموں کے شہرہ آفاق اداکار دلیپ کمار نے اپنی فطری اداکاری کے ساتھ مختلف النوع کرداروں میں بہترین فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہرت کی بلند ترین منزلیں طے کیں
ہندی فلموں کے شہرہ آفاق اداکار دلیپ کمار نے اپنی فطری اداکاری کے ساتھ مختلف النوع کرداروں میں بہترین فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہرت کی بلند ترین منزلیں طے کیں۔ وہ اپنی خوبصورت شکل و صورت کے ساتھ ہی سنجیدہ آواز میں مکالموں کی ادائیگی میں اپنا ثانی نہیں رکھتے تھے۔دلیپ کمار کا اصلی نام یوسف خان تھا اور وہ غیر منقسم ہندوستان کے شہر پشاور میں ایک پشتون خاندان میں ۱۱؍دسمبر۱۹۲۲ء کو پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد کا نام لالہ غلام سرور جبکہ والدہ کا نام عائشہ بیگم تھا۔ پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے شہر پشاور میں ان کا آبائی مکان آج بھی محفوظ ہے اور اسے اب حکومت نے تاریخی ورثہ قرار دے دیا ہے۔
دلیپ کمار روزگار کی تلاش میں کم عمری میں ہی صنعتی شہر بمبئی آگئے تھے اور برطانوی فوج کی ایک کینٹین میں کام کرنا شروع کردیا تھا۔ اسی کینٹین میں ان کی ملاقات معروف اداکارہ دیویکا رانی اور ان کے شوہر ہمانشو رائے سے ہوئی جنہوں نے انہیں فلم میں اداکاری کی پیشکش کی۔ اس کے ساتھ ہی یوسف خان کے بجائے دلیپ کمار نام اپنانے کی تجویز بھی پیش کی تھی۔
دلیپ کمار کی بطور اداکار۱۹۴۴ءمیں ریلیز پہلی فلم `جوار بھاٹا تھی جوناکام رہی۔۳؍ برس بعد ۱۹۴۷ء میں انہوں نے نور جہاں کے ساتھ فلم `جگنو کی اور یہ فلم باکس آفس پر کامیاب رہی جس کی وجہ سے فلمی دنیا میں ان کی پہچان بڑھ گئی۔ پھر ۱۹۴۹ء میں انہوں نے اداکار راج کپور کے ساتھ مل کر فلم `انداز میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اس فلم کی ہیروئن نرگس تھیں۔ اسی فلم میں ان کے شاندار اسٹائل اور عمدہ لب و لہجے نے انہیں ایک مقبول اسٹار بنا دیا۔ ۱۹۵۱ء میں انہوں نے فلم `دیدار اور فلم داغ میں ایک ٹریجڈی ہیرو کا کردار ادا کرتے ہوئے جن جذبات اور تاثرات کا اظہار کیا، اس سے نہ صرف فلمی شائقین محظوظ ہوئے بلکہ ان کی کردار نگاری کو خوب سراہا گیا۔ فلم داغ میں بہترین اداکاری کے لیے انہیں پہلے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گيا۔ ۱۹۵۵ء میں شہرہ آفاق فلم `دیوداس کے لیے بھی انہیں فلم فیئر ایورڈ دیا گیا تھا۔ انہوں نے اپنی فنی صلاحیتوں کے ایسے ان مٹ نقوش ثبت کیے کہ انہیں ٹریجڈی کنگ یعنی شہنشاہ جذبات کے لقب سے نوازا گیا جو ان کی پہچان بن گيا۔ دلیپ کمار کو متعدد بار فلم فیئر ایوارڈ سمیت بے شمار اعزازات سے نوازا گیا۔ وہ ۱۹۸۰ء میں ممبئی کے شیریف مقرر کئے گئے۔ ۱۹۹۴ء میں انہیں ہندوستانی فلم کا سب سے بڑا اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ بھی دیا گیا۔ پاکستان حکومت کی طرف سے۱۹۹۸ء میں ان کو پاکستان کے سب سے بڑے شہری اعزاز ’نشان پاکستان‘ سے بھی نوازا گیا۔ ۲۰۱۵ء میں ہندوستان کے دوسرے سب سے بڑے شہری اعزاز پدم ویبھوشن سے بھی نوازے گئے۔ دلیپ کمار کی اداکاری میں ایک ہمہ جہت فنکار دیکھا جاسکتا ہے جو کبھی جذباتی بن جاتا ہے تو کبھی سنجیدہ اور روتے روتے آپ کو ہنسانے کا گر بھی جانتا ہو۔دلیپ کمار۷؍ جولائی ۲۰۲۱ء میں۹۸؍ برس کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔