Inquilab Logo Happiest Places to Work

امسال آئی پی ایل میں ۲۱؍مسلم کھلاڑی جلوہ بکھیریں گے

Updated: February 15, 2022, 1:19 PM IST | Abdul Kareem Qasim Ali | Mumbai

آئی پی ایل کی کولکاتا ، دہلی ، حیدرآباد،گجرات اور لکھنؤٹیموں نے ۳۔۳؍ مسلم کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔ ممبئی انڈینس میں ایک کھلاڑی شامل۔ راجستھان رائلز میں کوئی شامل نہیں

Moeen Ali.Picture:INN
معین علی۔ تصویر :آئی این این

توار کی رات بنگلور میں انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل ) کے ۱۵؍ویں سیزن کیلئے کھلاڑیوں کی میگانیلامی کا اختتام ہوگیا اور اس دوران  لیگ کی ۱۰؍فرنچائزیز نے ۲۳۷؍ کھلاڑیوں پر بولی لگاکر انہیں اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ متذکرہ کھلاڑیوں میں سے ۲۱؍مسلم کھلاڑی شامل ہیں جو امسال ہونے والے آئی پی ایل ٹورنامنٹ میں اپنے کھیل کا جلوہ بکھیریں گے۔ ان میں ملکی اور غیرملکی دونوں شامل ہیں۔ 
 دہلی کیپٹلس، کولکاتا نائٹ رائیڈرس، سنرائزرس حیدرآباد، لکھنؤ  سپرجائنٹس  اور گجرات ٹائٹنس کی ٹیموں نے ۳۔۳؍مسلم کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم میں شامل کیاہے۔ رائل چیلنجرز بنگلور اور چنئی سپرکنگز نے ۲۔۲؍مسلم کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے۔ ممبئی انڈینس اور پنجاب کنگز نے ایک ایک مسلم کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔۲۱؍کھلاڑیوں میں سے ۶؍کھلاڑی غیرملکی ہیں اور ۱۵؍ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔ ان میں سے غیرملکی کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے معین علی، بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان ، افغانستان کے۴؍کھلاڑی  محمد نبی، راشد خان ،فضل حق فاروقی اور نور احمد شامل ہیں۔چنئی سپرکنگز : جنوبی ہند کی اس ٹیم نے ۲؍مسلم کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم میں جگہ دی ہے۔ جن میں ایک انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی ہیں۔ ٹیم نے انہیں برقرار رکھا تھا اور ریلیز نہیں کیا تھا۔ ٹیم نے انہیں ۸؍کروڑ روپے میں ری ٹین کیا تھا۔ دوسرے کھلاڑی کے ایم آصف ہیں جنہیں ۲۰؍ لاکھ روپے کے عوض ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ بحیثیت گیندباز کھیلیں گے۔
رائل چیلنجرز بنگلور : بنگلور کی ٹیم نے ٹیم انڈیا کے تیز گیندباز محمد سراج کو برقرار رکھا تھا اور انہیں ریلیز نہیں کیا۔ محمد سراج کو ۷؍کروڑ روپے میں ٹیم نے ری ٹین کیا تھا۔ بنگلور نے نیلامی میں شہبازاحمد کو ۲ء۴۰؍ کروڑ روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ وہ آل راؤنڈر کی حیثیت سے کھیلیں گے۔ دہلی کیپٹلس : دہلی کی ٹیم نے ۳؍کھلاڑیوںکا انتخاب کیا ہے۔ بنگلہ دیش کے تیز گیندباز مستفیض الرحمان کو ان کی بنیادی قیمت ۲؍کروڑ روپے میں ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ سرفراز خان کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیاہے اور وہ ۲۰؍ لاکھ روپے کے عوض دہلی کیلئے کھیلیں گے۔ تیز گیندباز خلیل احمد کو دہلی نے ۵ء۲۵؍کروڑ روپے میں شامل کیا  ہے۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرس: کولکاتا کی ٹیم نے ۳؍ کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔ جموں کشمیر کے کھلاڑی راسخ سلام دار کو لکاتا نے ۲۰؍ لاکھ روپے میں ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔ و ہ گیندباز کی حیثیت سے کھیلیں گے۔ ممبئی کے امن حکیم خان کو ۲۰؍ لاکھ روپے میں ٹیم میں شامل کیا گیاہے۔ افغانستان کے آل راؤنڈر محمد نبی اس بار کولکاتا کیلئے کھیلیں گے اور انہیں ٹیم نے ایک کروڑ روپے میں خریداہے۔
سنرائزرس حیدرآباد:حیدرآباد کی ٹیم نے ۲؍مسلم کھلاڑیوں کو ٹیم میں برقرار رکھا تھاجن میں عمران ملک  اور عبدالصمد شامل ہیں۔ جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے دونوں کھلاڑیوں کو حیدرآباد کی ٹیم نے ۴۔۴؍ کروڑ روپے میں اپنی ٹیم میں برقرار رکھا ہے۔ فضل حق فاروقی کا تعلق افغانستان سے ہے اور انہیں ٹیم نے ۵۰؍ لاکھ روپے میں خریدا ہے۔ لکھنؤ سپرجائنٹس: گزشتہ آئی پی ایل میں زبردست کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے اویس خان کو لکھنؤ کی ٹیم نے ۱۰؍ کروڑ روپے کے عوض ٹیم میں شامل کیا ہے۔ وہ تیز گیندباز کی حیثیت سے کھیلیں  گے۔ شہباز  ندیم کو آئی پی ایل کی نئی فرنچائزی نے ۵۰؍ لاکھ روپے میں خریدا ہے۔ اترپردیش سے تعلق رکھنے والے محسن خان کو لکھنؤ کی ٹیم نے ۲۰؍ لاکھ روپے میں ٹیم میں شامل کیا ہے۔ وہ بحیثیت گیندباز ٹیم میں کھیلیں گے۔ گجرات ٹائٹنس : آئی پی ایل کی نئی فرنچائزی گجرات نے افغانستان کے گیندباز راشد خان کو پہلے ہی منتخب کر لیا تھا۔ گجرات نے عالمی شہرت یافتہ اسپنر کو  ۱۵؍کروڑ روپے میں ٹیم میں شامل کیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے تیز گیندباز محمد سمیع کو بھی گجرات نے لیا ہے۔ تیز گیندباز کو نئی فرنچائزی نے ۶ء۲۵؍ کروڑ روپے میں خریدا ہے۔ افغانستان کے نوجوان گیندباز نور احمد کو ۳۰؍لاکھ روپے میں خریدا گیا ہے۔ ممبئی انڈینس اور پنجاب کنگز: ممبئی انڈینس نے آل راؤنڈر کی حیثیت سے مدھیہ پردیش کے کھلاڑی محمد ارشد خان کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔ انہیں ۲۰؍ لاکھ روپے میں خریداگیاہے۔پنجاب کنگز نے اپنی ٹیم میں ایک ہی مسلم کھلاڑی کو شامل کیا ہے جو شاہ رخ خان ہیں۔ انہیں ۹؍کروڑ روپے کے عوض خریدا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK